کولکاتا ایئرپورٹ پر آپس میں ٹکرایا انڈیگو اور ایئر انڈیا کا طیارہ، تحقیقات شروع

مغربی بنگال کے کولکاتا ایئرپورٹ پر بدھ کے روز انڈیگو اور ایئر انڈیا کے ایئرکرافٹ آپس میں ٹکرا گئے، بتایا جا رہا ہے کہ ان دونوں طیاروں کے پنکھ ٹکرائے جس کی وجہ سے بڑا حادثہ ہوتے ہوتے ٹل گیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مغربی بنگال کے کولکاتا ایئرپورٹ پر دو طیاروں کی آپس میں ٹکر ہونے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ حالانکہ اس ٹکر سے کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا ہے، لیکن اس کی تحقیقات فوری طور پر شروع ہو چکی ہے اور یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ آخر یہ حادثہ کیونکر سرزد ہوا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کولکاتا ایئرپورٹ پر بدھ (27 مارچ) کے روز انڈیگو اور ایئر انڈیا کے ایئرکرافٹ کے پنکھ آپس میں ٹکرا گئے۔ خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ انڈیگو کی فلائٹ ٹیکسی-وے سے گزر رہی تھی تبھی ایئرکرافٹ کا حصہ دوسرے ایئرانڈیا کے ایئرکرافٹ سے ٹکرا گیا تھا۔


اس حادثہ کے بعد ایئر انڈیا ایکسپریس کے ایک ترجمان کا بیان سامنے آیا ہے۔ اس میں انھوں نے کہا ہے کہ ’’دوسری ایئر لائن کے ٹیکسی طیارے کے پنکھ کے کنارہ نے ہمارے ایک طیارے کو ٹکر مار دی، جو چنئی کے لیے شیڈول آپریشن کے لیے کولکاتا کے رَن وے میں داخل ہونے کے لیے کلیئرنس کا انتظار کر رہا تھا۔‘‘ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’اس کے بعد طیارہ واپس کنارے لایا گیا اور حادثہ سے متعلق تفتیش جاری ہے۔ اس کے لیے ہم ریگولیٹر اور ہوائی اڈے کے حکام کے ساتھ رابطہ کر رہے ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔