انڈین یوتھ کانگریس نے دہلی یونیورسٹی میں نکالا زبردست مارچ، طلبہ کے لیے ہاسٹل کا مطالبہ
ادے بھانو چِب نے کہا کہ جو طلبہ دوسری ریاستوں اور ملک کے مختلف حصوں سے دہلی آ کر تعلیم حاصل کرنے آتے ہیں، ان کے لیے ہاسٹل کوئی عیش و آرام کی چیز نہیں بلکہ بنیادی ضرورت ہے

نئی دہلی: انڈین یوتھ کانگریس (اے وائی سی) نے آج دہلی یونیورسٹی کے طلبہ کے لیے بہتر، محفوظ اور کفایتی ہاسٹل کی سہولیات فراہم کرنے کے مطالبے کو لے کر مارچ نکالا جس میں ہزاروں کی تعداد میں طلبہ و طالبات اور یوتھ کانگریس کے کارکنان موجود تھے۔ مارچ میں خصوصی طور پر ملک کی مختلف ریاستوں سے آنے والے طلبہ کے لیے مناسب ہاسٹل کی سہولت فراہم کرنے کے مطالبے کو نمایاں طور پر اٹھایا گیا۔
انڈین یوتھ کانگریس کے قومی صدر ادے بھانو چِب نے مارچ میں شرکت کی اور طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے ہاسٹل کی کمی، بڑھتے اخراجات، سکیورٹی اور بنیادی سہولیات سے متعلق ان کے مسائل سنے۔
دہلی یونیورسٹی اور اس کے آس پاس طلبہ کے لیے رہائش کی کمی ایک سنگین مسئلہ بنی ہوئی ہے۔ یونیورسٹی میں طلبہ کی بڑی تعداد کے مقابلے میں ہاسٹل کی دستیابی بہت کم ہے، جس کی وجہ سے بڑی تعداد میں طلبہ کو مہنگے نجی مکانات اور پیئنگ گیسٹ (پی جی )میں رہنے پر مجبور ہونا پڑتا ہے۔
طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے انڈین یوتھ کانگریس کے قومی صدر ادے بھانو چِب نے کہاکہ جو طلبہ دوسری ریاستوں اور ملک کے مختلف حصوں سے دہلی آکر تعلیم حاصل کرنے آتے ہیں، ان کے لیے ہاسٹل کوئی عیش و آرام کی چیز نہیں بلکہ بنیادی ضرورت ہے۔ طلبہ کو مہنگے کرایوں، غیر محفوظ رہائش اور ناکافی سہولیات کی فکر کرنے کے بجائے اپنی تعلیم پر توجہ دینے کا موقع ملنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور دہلی یونیورسٹی انتظامیہ کو صرف اعلانات کرنے کے بجائے اب زمین پر کام کر کے دکھانا چاہیے۔ ہر طالب علم کو محفوظ، سستی اور باعزت رہائش ملنا اس کا حق ہے۔ ہاسٹل کی کمی کا سب سے زیادہ اثر عام اور معاشی طور پر کمزور خاندانوں سے آنے والے طلبہ پر پڑ رہا ہے، جنہیں اپنی خاندانی آمدنی کا ایک بڑا حصہ نجی رہائش پر خرچ کرنا پڑ رہا ہے۔
چِب نے کہا کہ ڈوسو انتخابات میں طلبہ کے مسائل اور طلبہ کی فلاح و بہبود سب سے اہم موضوعات ہونے چاہئیں۔انہوں نے طلبہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ یہ ڈوسو انتخابات طلبہ کے لیے ایسے نمائندوں کا انتخاب کرنے کا موقع ہیں، جو حقیقی طور پر ان کی آواز اٹھائیں۔ میں دہلی یونیورسٹی کے طلبہ سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ این ایس یو آئی پنل کی حمایت کریں اور ایسی طلبہ طاقت کو مضبوط کریں، جو بہتر ہاسٹل، محفوظ کیمپس، سستی سہولیات اور یونیورسٹی انتظامیہ کی جواب دہی کے لیے مضبوط آواز اٹھائے۔
اس موقع پر دہلی یوتھ کانگریس کے صدر اکشے لاکڑا نے کہاکہ طلبہ کسی سے کوئی احسان نہیں مانگ رہے ہیں۔ وہ اپنے حقوق کا مطالبہ کر رہے ہیں انڈین یوتھ کانگریس دہلی یونیورسٹی کے طلبہ اور ملک کے ہر اس نوجوان کے ساتھ کھڑی ہے، جو سستی تعلیم، عزت اور مساوی مواقع کے لیے جدوجہد کر رہا ہے۔
انڈین یوتھ کانگریس نے کہا کہ مناسب ہاسٹل انفراسٹرکچر، سستی طلبہ رہائش، کیمپس کی سکیورٹی، بہتر بنیادی سہولیات اور یونیورسٹی انتظامیہ کی جواب دہی کو ترجیح دی جانی چاہیے۔
انڈین یوتھ کانگریس نے یونیورسٹی انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ زیر التوا ہاسٹل منصوبوں میں تیزی لائی جائے اور یہ یقینی بنایا جائے کہ دہلی سے باہر سے آنے والے اور معاشی طور پر کمزور طبقے سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو غیر محفوظ یا حد سے زیادہ مہنگی نجی رہائش میں رہنے پر مجبور نہ ہونا پڑے۔
مارچ میں دہلی یوتھ کانگریس کے صدر اکشے لاکڑا سمیت بڑی تعداد میں یوتھ کانگریس کارکنوں نے شرکت کی۔ مارچ آرٹس فیکلٹی سے شروع ہوا اور کروڑی مل کالج پر اختتام پذیر ہوا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
