ریلوے اور ہوائی محکمہ نے بھی 3 مئی تک خدمات بند رکھنے کا کیا اعلان

پی ایم مودی کے ذریعہ لاک ڈاؤن کی مدت 3 مئی تک بڑھانے کا اثر ریلوے خدمات کے ساتھ ساتھ پروازوں پر بھی پڑا ہے۔ 3 مئی تک سبھی قومی اور بین الاقوامی پروازیں رد کر دی گئی ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

پی ایم نریندر مودی نے لاک ڈاؤن کی مدت میں 3 مئی تک توسیع کرنے کا اعلان منگل کی صبح 10 بجے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کر دیا۔ اس اعلان کے بعد ریلوے نے اپنی خدمات 3 مئی تک بند کرنے کا فیصلہ سنایا اور سبھی مسافر ٹرینیں رد کر دی گئیں۔ ریلوے کے افسران نے اس سلسلے میں جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ ریلوے نے 3 مئی تک اپنی خدمات بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی سبھی گھریلو اور بین الاقوامی ائیرلائنس نے بھی 3 مئی کو 11.59 بجے تک پروازوں کو رد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔


ریلوے کے ایک سینئر افسر کے مطابق اب انڈین ریلویز نے اپنی سبھی مسافر خدمات کو فی الحال حکومت کے ذریعہ دی گئی ہدایات کے تحت آئندہ 3 مئی تک کے لیے ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت ریل نے بتایا کہ پریمیم ٹرینوں، میل/ایکسپریس ٹرینوں، پیسنجر ٹرینوں، علاقائی ٹرینوں، کولکاتا میٹرو ریل، کونکن ریلوے وغیرہ سمیت انڈین ریل کی سبھی مسافر ٹرین خدمات 3 مئی تک ملتوی رہیں گی۔


قابل ذکر ہے کہ پی ایم مودی نے لاک ڈاؤن کی مدت 3 مئی تک بڑھاتے وقت کہا کہ سبھی ریاستوں سے مشورہ لیا گیا اور ذمہ دار لوگوں نے بھی یہ صلاح دی کہ لاک ڈاؤن کی مدت میں اضافہ ہونا چاہیے۔ کئی ریاست تو پہلے سے ہی لاک ڈاؤن کو بڑھانے کا فیصلہ کر چکی ہیں۔ سبھی کے مشوروں کو دھیان میں رکھتے ہوئے یہ طے کیا گیا ہے کہ ہندوستان میں لاک ڈاؤن کو اب 3 مئی تک مزید بڑھانا پڑے گا۔ یعنی 3 مئی تک ہم سبھی کو، ملک کے ہر باشندہ کو لاک ڈاؤن میں ہی رہنا ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔