ہندوستانی فضائیہ نے 300 پاکستانی دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا

ہندوستانی فضائیہ نے پلوامہ حملہ سے سبق حاصل کرتے ہوئے پاکستان میں چھپے بیٹھے جیش محمد کے دہشت گردوں پر کثیر مقدار میں بم برسائے۔ ذرائع کے مطابق اس حملے میں تقریباً 300 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

آشوتوش شرما

پلوامہ حملہ کے بعد ہندوستانی فضائیہ نے زبردست کارروائی میں پاکستان میں گھس کر کم و بیش 300 دہشت گردوں کو موت کی نیند سلا دیا ہے۔ ائیر فورس کے جنگی طیارہ نے منگل کی علی الصبح تقریباً 3.30 بجے پاکستانی سرحد میں گھس کر زبردست بمباری کی۔ وزارت دفاع کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس آپریشن میں لیجر گائیڈیڈ بم کا استعمال کیا گیا جس نے بالاکوٹ، چکوٹھی اور مظفر آباد واقع جیش محمد کے ٹھکانوں کو تباہ کر دیا۔

میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ حملہ ایل او سی کے پار بالا کوٹ سیکٹر میں ہندوستانی فضائیہ کے جنگی طیارہ میراج 2000 نے پوری طاقت کے ساتھ کیا۔ اس حملے کی پاکستان نے بھی تصدیق کر دی ہے لیکن کافی چیزوں کی پردہ پوشی کر رہا ہے۔ دوسری طرف ہندوستان کے خارجہ سکریٹری نے باضابطہ میڈیا بریفنگ کے ذریعہ پوری تفصیل میڈیا کے سامنے رکھ دی ہے اور واضح کر دیا ہے کہ دہشت گرد تنظیم جیش محمد ہندوستان پر بڑے حملے کی تیاری کر رہی تھی اس لیے اس کے ٹھکانوں پر بم باری کرکے اسے تباہ کر دیا گیا۔

دراصل 26 فروری کی صبح سویرے 12 میراج 2000 جنگی طیاروں نے جیش محمد کے ٹھکانوں پر تقریباً 1000 کلو گرام بموں کی بارش کر دی۔ اس بم اندازی میں دہشت گردوں کے ٹریننگ کیمپ اور بیس کیمپ پوری طرح تباہ ہو گئے۔ خبروں کے مطابق پاکستان مقبوضہ کشمیر کے بالا کوٹ، چکوٹھی اور مظفر آباد میں دہشت گردوں کے ’لانچ پیڈ‘ بھی تباہ ہو گئے ہیں۔ جیش محمد کا کنٹرول روم بھی نیست و نابود ہو چکا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 26 Feb 2019, 1:09 PM