برمنگھم کے میئر کو کشمیر مسئلہ پر ہندوستان کی دو ٹوک وارننگ

برمنگھم کے میئر ذاکر چودھری نے کشمیر کے حوالے سے ایک متنازعہ بیان دیا، جس سے وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ جموں و کشمیر اور لداخ تمام ہندوستان کے اٹوٹ انگ ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>
i

برطانیہ کے دوسرے سب سے بڑے شہر برمنگھم کے میئر نے کشمیر کے حوالے سے متنازعہ بیان دیا جس کے بعد ہندوستان کا سخت ردعمل  سامنے آیا ہے ۔ گزشتہ ماہ ایک تقریب میں برمنگھم کے میئر ذاکر چوہدری نے کشمیر کو پاکستان کا حصہ قرار دیا تھا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ تمام جموں و کشمیر اور لداخ ہندوستان کے اٹوٹ انگ ہیں۔

واضح رہے برمنگھم  کے میئر ذاکر چوہدری نے کہا تھا کہ "ہمارے آباؤ اجداد نے ہمارے ملک کے لیے جنگ لڑی، کشمیر ہمارا ہے، پاکستان ہمارا ہے، میں پاکستانی حکومت اور کشمیری فریق سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ مذاکرات کی میز پر بیٹھ کر بات کریں، بات چیت سے ہی مسائل حل ہوسکتے ہیں"۔ ذاکر چوہدری کے بیان کے بعد برطانیہ کے کئی شہریوں نے ان کی ملک بدری کا مطالبہ بھی کیا۔


وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے جمعرات  یعنی4 ستمبرکو کہا کہ "مسئلہ کشمیر پر ہندوستان کا موقف واضح ہے۔ تمام جموں و کشمیر اور لداخ ہندوستان کا حصہ ہیں اور ہندوستان کے اٹوٹ انگ ہیں۔ جہاں تک پاکستان کے تئیں ہماری پالیسی کا تعلق ہے، اس مسئلہ پر  آپ ہمارے موقف سے بخوبی واقف ہیں۔"

ذاکر چوہدری نے مئی 2026 میں برمنگھم کے 116ویں میئر کے طور پر حلف اٹھایا۔ ذاکر چوہدری پاکستان میں پیدا ہوئے اور 1969 میں برطانیہ چلے گئے۔ سیاست کے علاوہ وہ کاروباری اور سماجی کاموں میں بھی شامل رہے ہیں۔