ہندوستان میں کورونا کا نیا ریکارڈ، متاثرین کی تعداد سوا لاکھ سے متجاوز

گزشتہ 24 گھنٹے میں ہندوستان میں ریکارڈ 6654 نئے مریض سامنے آئے اور اس درمیان 137 لوگوں کی موت بھی ہوئی۔ روزانہ مریضوں کی بڑھتی تعداد سے عوام کے درمیان خوف بھی بڑھتا جا رہا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: ملک میں مسلسل دو دن سے عالمی وبا کورونا وائرس انفیکشن کے چھ ہزار سے زیادہ کیس سامنے آنے سے متاثرین کی مجموعی تعداد سوا لاکھ کے اعداد و شمار کو پار کرکے 125101 تک پہنچ گئی ہے تاہم راحت کی بات یہ ہے کہ ملک میں 50 ہزار سے زائد لوگوں نے اس انفیکشن سے نجات بھی پائی۔ مرکزی صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کی جانب سے ہفتہ کی صبح جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا انفیکشن کے اب تک کے سب سے زیادہ 6654 نئے کیسز سامنے آئے جس سے متاثرین کی مجموعی تعداد 125101 تک پہنچ گئی۔ ملک میں کل فعال کیسز 69597 ہیں۔ اس سے ایک دن پہلے 6088 نئے کیسز سامنے آئے تھے۔


ملک میں كووڈ -19 وبا سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 137 افراد کی موت ہونے سے ہلاک شدگان کی تعداد 3720 ہو گئی۔ جمعہ کے مقابلہ ہفتہ کو مرنے والوں کی تعداد میں کچھ کمی آئی ہے۔ جمعہ کے اعدادوشمار کے مطابق ایک دن میں كووڈ -19 سے 148 افراد کی موت ہوئی تھی۔ انفیکشن کے بڑھتے کیسز کے درمیان اس وبا سے ٹھیک ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3250 لوگ اس وبا سے آزاد ہوئے ہیں جس سے صحت مند ہو نے والے لوگوں کی کل تعداد 51784 ہو گئی ہے۔

ملک میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ مہاراشٹر متاثر ہوا ہے اور کل متاثرین کے کیسز میں ایک تہائی سے زیادہ حصہ یہیں کا ہے۔ مہاراشٹر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2940 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جس کے بعد یہاں متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 44582 ہو گئی ہے اور کل 1517 افراد کی موت ہو چکی ہے جبکہ 12583 لوگ اس انفیکشن سے ٹھیک بھی ہوئے ہیں۔ کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے معاملہ میں تامل ناڈو دوسرے نمبر پر ہے۔ تمل ناڈو میں اب تک 14753 افراد اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں اور 98 اموات ہوئی ہیں جبکہ 7128 لوگوں کے علاج کے بعد مختلف اسپتالوں سے چھٹی مل چکی ہے۔


کورونا وائرس کے کیسز میں ’فائیو فیگر‘ کے اعداد و شمار کی فہرست میں گجرات تیسرے نمبر پر ہے. یہاں متاثرین کی مجموعی تعداد 13268 ہو گئی ہے اور اس کے انفیکشن سے 802 افراد کی موت ہو چکی ہے۔ اس کے علاوہ 5880 لوگ اس بیماری سے شفایاب بھی ہوئے ہیں۔

قومی دارالحکومت دہلی کی بھی پوزیشن اس جان لیوا وائرس کی وجہ سے تشویشناک بنی ہوئی ہے۔ دہلی میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے ریكارڈ 660 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور اس وبا سے ریکارڈ 14 افراد کی موت کی اطلاع ہے۔ یہاں اب تک 12319 لوگ متاثر ہوئے ہیں اور مرنے والوں کی تعداد208 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 5897 مریضوں کو علاج کے بعد اسپتالوں سے چھٹی دے دی گئی ہے۔


راجستھان میں بھی کورونا وائرس تیزی سے پھیلتا جا رہا ہے۔ یہاں کوروناوائرس متاثرین کی تعداد 6494 اور 153 افراد کی موت ہو چکی ہے، جبکہ 3680 لوگ مکمل طور پر ٹھیک ہوئے ہیں۔ ملک کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش میں اب تک 5735 افراد اس وباکی زد میں آئے ہیں اور اس کے انفیکشن سے مرنے والوں کی تعداد 152 ہو گئی ہے جبکہ 3238 لوگ اب تک اس سے ٹھیک ہوئے ہیں۔

مغربی بنگال میں 3332 لوگ کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 265 افراد کی موت ہو چکی ہے اور اب تک 1221 لوگ ٹھیک ہوئے ہیں۔ تلنگانہ میں اب تک کورونا وائرس سے 1761 لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ ریاست میں جہاں کورونا وائرس سے 45 افراد کی جان گئی ہے، وہیں 1043 لوگ اب تک ٹھیک بھی ہوئے ہیں۔ جنوبی ہند کی ریاست آندھرا پردیش میں 2709 اور کرناٹک میں 1743 لوگ متاثر ہیں اور ان دونوں ریاستوں میں اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد بالترتیب 55 اور 41 ہو گئی ہے. وہیں مرکز کے زیر انتظام علاقہ جموں و کشمیر میں متاثرین کی تعداد بڑھ کر 1489 ہو گئی ہے جبکہ 20 افراد کی كووڈ -19 سے موت ہوئی ہے. پنجاب میں 39، ہریانہ میں 16، بہار میں 11، اڑیسہ میں سات، کیرالہ اور آسام میں چار چار، جھارکھنڈ، چنڈی گڑھ، اور ہماچل پردیش میں تین تین اور میگھالیہ اور اتراکھنڈ میں ایک ایک شخص کی اس وبا سے موت ہوئی ہے.

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 23 May 2020, 12:11 PM