جمہوریت کو بچانے کے لیے ’انڈیا اتحاد‘ نے 5 بڑی ریلیوں کا کیا اعلان، یکم نومبر کو دہلی میں ہوگی عظیم الشان ریلی
انڈیا اتحاد نے جو منصوبہ تیار کیا ہے، اس کے مطابق 2 اکتوبر سے 8 اکتوبر تک ضلع سطحی ’تحفظ جمہوریت‘ مارچ نکالا جائے گا۔ 6 اکتوبر کو اپوزیشن پارٹیوں کے اراکین پارلیمنٹ الیکشن کمیشن تک مارچ نکالیں گے۔

انڈیا اتحاد کی میٹنگ کے بعد پریس بریفنگ میں مختلف پارٹیوں کے سرکردہ لیڈران نے ہندوستانی جمہوریت کو بچانے کا عزم ظاہر کیا اور الیکشن کمیشن کے خلاف اپنی آواز بلند کی۔ راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے میڈیا کے سامنے انڈیا اتحاد کے اس منصوبے کو رکھا، جو آنے والے دنوں میں دیکھنے کو ملے گا۔ انھوں نے بتایا کہ انڈیا اتحاد جمہوریت کی حفاظت کے لیے اپنی پوری طاقت کے ساتھ سڑکوں پر اترے گی اور 5 بڑی ریلیاں منعقد کی جائیں گی۔
ملکارجن کھڑگے نے الیکشن کمیشن کے طریقۂ کار پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا اتحاد نے متحد ہو کر آواز اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ سبھی پارٹیوں نے ارادہ کیا ہے کہ 2 اکتوبر سے 8 اکتوبر تک ضلع سطحی ’تحفظ جمہوریت‘ مارچ نکالا جائے گا اور 6 اکتوبر کو اپوزیشن پارٹیوں کے اراکین پارلیمنٹ الیکشن کمیشن کے دفتر تک مارچ نکالیں گے۔ ساتھ ہی اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈران اکتوبر کے دوسرے ہفتہ میں صدر جمہوریۂ ہند دروپدی مرمو سے ملاقات کے لیے وقت بھی طلب کریں گے۔
کانگریس صدر کے ذریعہ دی گئی جانکاری کے مطابق انڈیا اتحاد نے یکم نومبر کو دہلی میں ایک عظیم الشان ریلی منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں ووٹ چوری سے متعلق ایشوز کو اٹھایا جائے گا۔ علاوہ ازیں انڈیا اتحاد نے مطالبہ کیا ہے کہ سپریم کورٹ میں ایس آئی آر سے متعلق سبھی معاملوں کو جلد از جلد نمٹایا جائے۔ انھوں نے میڈیا اہلکاروں کے سامنے پی ایم مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ پر الزام عائد کیا کہ وہ ووٹ چوری کروا رہے ہیں اور الیکشن جیت رہے ہیں۔
انڈیا اتحاد کی میٹنگ کے بعد لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے بھی مرکز کی مودی حکومت پر ووٹ چوری کا الزام عائد کیا۔ انھوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’انڈیا اتحاد کی میٹنگ میں اہم باتوں پر تبادلہ خیال ہوا۔ اہم ایشو ووٹ چوری ہے۔ ہم اسے خاموشی کے ساتھ برداشت نہیں کریں گے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’جن لوگوں نے ہندوستانی جمہوریت کو برباد کیا ہے، انھیں سزا ملنی چاہیے۔ وہ کون ہیں، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔‘‘ دوسری طرف ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے کہا کہ ’’ہم سبھی ساتھ ہیں۔ جو ووٹ چوری کر کے بہار میں جیتا، بنگال کو لوٹا، انھیں بخشا نہیں جائے گا۔‘‘ ممتا نے گیانیش کمار کو ’وینش کمار‘ بتاتے ہوئے کہا کہ وہ چور ہیں، ڈاکو ہیں، انھیں فوراً استعفیٰ دینا چاہیے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
