چاندی کی قیمت میں 4571 روپے اور سونے کی قیمت میں 1725 روپے کا اضافہ
26 نومبر کو بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے اور چاندی نے زبردست واپسی کی ہے۔ کومیکس پر سونے کی قیمت میں 1.16 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا، جس کے بعد یہ 3576.90 ڈالر فی اونس پر کاروبار کرتا نظر آیا۔

سونے اور چاندی کے بازار میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران زبردست اتار چڑھاؤ ہوا ہے۔ کل یعنی 25 نومبر کی دیر رات امریکہ سے مہنگائی اور معیشت کی مضبوطی سے متعلق اعداد و شمار سامنے آئے تھے، جس کے بعد قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں بڑی گراوٹ درج کی گئی تھی۔ لیکن آج 26 نومبر کو بازار کا رخ پوری طرح بدل گیا ہے۔ بین الاقوامی مارکیٹ سے لے کر ہندوستانی فیوچر مارکیٹ تک سونے اور چاندی کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ ماہرین کے مطابق گزشتہ رات امریکی معیشت سے متعلق سامنے آئے تازہ اعداد و شمار سونے اور چاندی کے لیے منفی اشارے دے رہے ہیں۔ امریکہ میں مہنگائی کی پیمائش کا سب سے اہم پیمانہ کور پی سی ای سمجھا جاتا ہے۔
اکتوبر میں سالانہ بنیاد پر یہ شرح بڑھ کر 3.3 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ بازار کو 3.2 فیصد رہنے کی توقع تھی، جبکہ ستمبر میں یہ 3.1 فیصد تھی۔ اس کے علاوہ ماہانہ بنیاد پر بھی کور پی سی ای میں 0.3 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا ہے۔ انہی اعداد و شمار کے سامنے آنے کے بعد گزشتہ رات قیمتوں پر دباؤ دیکھا گیا تھا۔ گزشتہ رات قیمتوں میں گراوٹ کے بعد آج 26 نومبر کو بین الاقوامی مارکیٹ یعنی کومیکس میں سونے اور چاندی نے زبردست واپسی کی ہے۔ کومیکس پر سونے کی قیمت میں 1.16 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا، جس کے بعد یہ 3576.90 ڈالر فی اونس پر کاروبار کرتا نظر آیا۔ وہیں چاندی کی قیمت میں اس سے بھی زیادہ تیزی دیکھی گئی۔ کومیکس پر چاندی کی قیمت 3.29 فیصد اچھل کر 41.375 ڈالر فی اونس کی سطح پر پہنچ گئی۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں تیزی کا براہ راست اثر ملٹی کموڈیٹی ایکسچینج (ایم سی ایکس) پر بھی پڑا ہے۔ آج کاروبار شروع ہوتے ہی قیمتوں میں زبردست تیزی نظر آئی۔ ایم سی ایکس پر دسمبر میں ڈیلیوری والا سونا تقریباً 1725 روپے مہنگا ہو کر 125161 روپے فی 10 گرام پر کاروبار کرتا نظر آیا۔ چاندی کی قیمت میں تو اور زیادہ اضافہ ہوا۔ ایم سی ایکس پر چاندی کی قیمت 4571 روپے بڑھ کر 150592 روپے فی کلوگرام کی سطح پر پہنچ گئے ہیں۔ بازار کھلتے ہی قیمتوں میں آنے والی اس تیزی کا براہ راست اثر عام خریداروں کی جیب پر پڑا ہے۔ بلین مارکیٹ میں آج 24 کیرٹ خالص سونا تقریباً 121910 روپے فی 10 گرام کے آس پاس کاروبار کر رہا ہے۔ زیورات بنوانے والوں کے لیے 22 کیرٹ سونے کی قیمت تقریباً 115228 روپے فی 10 گرام برقرار ہے۔ وہیں 18 کیرٹ سونے کی بات کریں تو اس کی قیمت تقریباً 101823 روپے فی 10 گرام پر کاروبار کر رہی ہے۔ بلین مارکیٹ میں چاندی کی قیمت بھی تقریباً 150420 روپے فی کلوگرام کے آس پاس ہے۔ اب سب کی نظریں اس بات پر لگی ہوئی ہیں کہ پورے دن بازار میں قیمتوں کا اتار چڑھاؤ کس رخ پر رہتا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
