منی پور کے موسیقی ٹیچر کی ماب لنچنگ معاملہ میں دہلی پولیس نے ساکیت کورٹ میں 7 ملزمان کے خلاف چارج شیٹ داخل کی

دہلی پولیس کے مطابق 6 ستمبر 2026 کو چونگتھم وکرم سنگھ کا مبینہ طور پر لوگوں کے ایک گروپ نے قتل کر دیا تھا۔یہ واقعہ جنوب مشرقی دہلی واقع سن لائٹ کالونی تھانہ علاقہ کے کلوکری گاؤں میں پیش آیا تھا۔

<div class="paragraphs"><p>دہلی پولیس (فائل) / آئی اے این ایس</p></div>
i

دہلی پولیس نے منی پور کے موسیقی ٹیچر چونگتھم وکرم سنگھ کی مبینہ ماب لنچنگ معاملہ میں ساکیت کورٹ میں 7 ملزمان کے خلاف چارج شیٹ داخل کی ہے۔ اس معاملہ میں ایک نابالغ کے بھی شامل ہونے کی بات سامنے آئی ہے۔ جنوب مشرقی دہلی کے سن لائٹ کالونی تھانہ علاقہ کے کلوکری گاؤں میں چونگتھم وکرم سنگھ کو پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا گیا تھا۔ دہلی پولیس کے مطابق 6 ستمبر 2026 کو چونگتھم وکرم سنگھ کا مبینہ طور پر لوگوں کے ایک گروپ نے قتل کر دیا تھا۔

دہلی پولیس نے آج ساکیت کورٹ میں ماب لنچنگ کے معاملے میں 7 لوگوں کے خلاف چارج شیٹ داخل کر دی ہے۔ الزام ہے کہ چونگتھم وکرم سنگھ کے اعتراض کرنے پر نشے میں ڈوبے لوگوں نے ان کے ساتھ مار پیٹ کی تھی اور پیچھا کرتے ہوئے ان کے گھر تک پہنچ گئے تھے۔ ملزمان نے ان کے گھر پر بھی ان کے ساتھ مار پیٹ کی تھی۔ انہیں سنگین چوٹیں آئی تھیں اور اسپتال میں ان کا انتقال ہو گیا تھا۔


’دی ہندو‘ کی رپورٹ کے مطابق مہلوک وکرم سنگھ کے بیٹے یائیفابا نے اس معاملہ میں پولیس میں شکایت درج کرائی تھی۔ اس میں انہوں نے الزام عائد کیا کہ جب وہ اپنے والد کو اسپتال لے جا رہے تھے، تب انہوں نے بتایا تھا کہ قریب کے ایک ڈھابہ کے لوگوں نے ان پر یہ حملہ کیا تھا۔ الزام ہے کہ ان میں سے کچھ لوگوں نے پہلے بھی ہنگامہ کرنے پر اعتراض کرنے کی وجہ سے چونگتھم وکرم سنگھ کو دھمکی دی تھی۔

دہلی پولیس نے ملزمان کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی دفعہ 61 کے تحت مجرمانہ سازش، دفعہ 103(2) کے تحت 5 یا اس سے زائد لوگوں کے گروپ کے ذریعہ قتل، دفعہ 103(1) کے تحت قتل اور دفعہ 332(اے) کے تحت جرم کرنے کے ارادے سے تجاوزات کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔


قابل ذکر ہے کہ ماب لنچنگ کے اس واقعہ کے بعد راجدھانی میں کئی تنظیموں نے اس کی شدید مذمت کرتے ہوئے مخالفت میں کینڈل مارچ بھی نکالا تھا۔ کانگریس سمیت دیگر پارٹیوں نے بھی اس کو لے کر سوال اٹھائے تھے۔ یہاں تک کہ منی پور کے سابق وزیر اعلیٰ این بیرین سنگھ نے دہلی پولیس سے جلد از جلد انصاف کو یقینی بنانے کی اپیل کی تھی۔ اب پولیس کے ذریعہ چارج شیٹ داخل کرنے کے بعد معاملے میں جلد فیصلے کی امید ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔