کیسے لگے گا کورونا کا ٹیکہ اور اس کے لئے آپ کو کیا کرنا ہوگا؟

لوگوں کے ذہن میں یہ سوال بھی گشت کر رہا ہے کہ ایک ٹیکہ لگے گا یا دو، تو اس تعلق سے بھی یہ وضاحت کی گئی ہے کہ دو ٹیکے لگوانے پڑیں گے اور ان دونوں ٹیکوں کے درمیان کی مدت 28 دن کی ہونی چاہیے

کورونا ویکسین، تصویر آئی اے این ایس
کورونا ویکسین، تصویر آئی اے این ایس
user

سید خرم رضا

وزارت صحت کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق ہر شہری کو نہ صرف کورونا کا ٹیکہ لگوانے کے لئے رجسٹریشن کروانا ضروری ہوگا، بلکہ جس وقت کوئی بھی شخص ٹیکہ لگوانے جائے گا اس وقت اس کو اپنا فوٹو شناختی کارڈ بھی دکھانا ہوگا، کیونکہ فوٹو شناختی کارڈ کے بغیر نہ تو رجسٹریشن ہوگا اور نہ ہی ٹیکہ لگے گا۔

عوام جاننا چاہتی ہے کہ رجسٹریشن اور ٹیکہ لگوانے کے لئے ان کے پاس کون سے دستاویزات ہونے چاہیے۔ اس تعلق سے وزارت کے مطابق ٹیکہ لگوانے والے کا ڈرائیونگ لائسنس، ووٹر شناختی کارڈ، پین کارڈ، پاسپورٹ، نوکری کا کارڈ یا پینشن کے دستاویزات قابل قبول ہوں گے۔ ان کے علاوہ اگر وزارت محنت کی اسکیم کے تحت ہیلتھ انشورینس اسمارٹ کارڈ جاری ہوا ہے تو وہ بھی قابل قبول ہے۔ منریگا کا کارڈ، ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی یا ایم ایل سی کو جاری شناختی کارڈ، بینک یا ڈاک خانہ کی جاری کردہ پاس بک یا ریاستی حکومت، مرکزی حکومت اور پی ایس یو کا جاری کردہ سروس کارڈ بھی قابل قبول ہوں گے۔


لوگوں کے ذہن میں یہ سوال بھی گشت کر رہا ہے کہ ایک ٹیکہ لگے گا یا دو، تو اس تعلق سے بھی یہ وضاحت کی گئی ہے کہ دو ٹیکہ لگوانے پڑیں گے اور ان دونوں ٹیکوں کے درمیان کی مدت 28 دن کی ہونی چاہیے اور دوسرا ٹیکہ لگوانے کے بعد دو ہفتوں میں اینٹی باڈیز تیار ہو جائیں گی جو کہ کورونا وائرس سے ٹیکہ لگوانے والے کو بچا سکتی ہیں۔

وزارت کی جانب سے یہ ہدایت دی گئی ہے کہ ٹیکہ لگوانے والے شخص کو ٹیکہ لگوانے کے بعد آدھے گھنٹے کے لئے وہیں آرام کرنا ہوگا، جہاں پر ٹیکہ لگوایا ہے اور کچھ بھی بےچینی محسوس کرنے پر وہاں موجودعملہ کو فوراً بتانا ہوگا۔ اس کے علاوہ ایسا بالکل نہیں ہے کہ ٹیکہ لگ گیا تو آپ ماسک اتار دیں گے یا سینیٹائزیشن اور سماجی دوری پرعمل کرنا بند کر دیں گے۔ یہ چیزیں ٹیکہ لگوانے کے بعد بھی جاری رکھنی ہوں گی۔


واضح رہے جو افراد شوگر، ہائی بلڈ پریشر اور کینسر وغیر کے مریض ہیں ان کو اپنی دوا تو جاری رکھنی ہی ہوگی، ساتھ میں یہ ٹیکہ بھی لگوانا ہوگا، کیونکہ ان لوگوں کو زیادہ ضرورت ہے۔ کورونا کی دوائی کے کم ہونے کی وجہ سے پہلے ان لوگوں کو ہی ٹیکہ لگایا جائے گا، جو زیادہ کمزور ہیں اور جن کو زیادہ خطرہ لاحق ہے۔ ٹیکہ لگانے کی اطلاع بذریعہ ایس ایم ایس دی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */