کیرالہ میں کانگریس قانون ساز پارٹی کی اہم میٹنگ آج، نئے وزیر اعلیٰ کے نام پر لگے گی مہر!

نئے وزیر اعلیٰ کا انتخاب کرنے کے مقصد سے کیرالہ ریاستی کانگریس کمیٹی ہیڈکوارٹر میں دوپہر ایک بجے میٹنگ شروع ہوگی۔ اس کی معلومات کیرالہ کانگریس کے چیئرمین سنی جوزف نے ایک بیان میں دی۔

تصویر سوشل میڈیا
i
user

قومی آواز بیورو

google_preferred_badge

کیرالہ اسمبلی انتخابات 2026 میں شاندار کامیابی کے بعد کانگریس کی جانب سے حکومت سازی کی سرگرمیاں اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق کانگریس قانون ساز پارٹی (سی ایل پی) کی میٹنگ ہونے جا رہی ہے جس میں قانون ساز پارٹی کے لیڈر کا انتخاب کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی پارٹی ریاست کے اگلے وزیر اعلیٰ کے نام کا اعلان بھی کر سکتی ہے۔ کے پی سی سی (کیرالہ ریاستی کانگریس کمیٹی) کے ہیڈ کوارٹر میں یہ میٹنگ دوپہر ایک بجے شروع ہوگی۔ اس کی معلومات کیرالہ کانگریس کے چیئرمین سنی جوزف نے ایک بیان میں دی۔

میٹنگ کے بارے میں دی گئی اطلاع کے ساتھ ہی اب تقریباً پوری طرح صاف ہو گیا ہے کہ کیرالہ کے اگلے وزیر اعلیٰ سے متعلق جاری قیاس آرائیاں جمعرات کو ختم ہو سکتی ہیں۔ اسمبلی انتخابات کے نتائج آنے کے تقریباً 10 دن بعد پارٹی اپنے رہنماؤں کو اعتماد میں لینے اور صلاح و مشورے کے بعد حتمی فیصلے کی جانب بڑھ رہی ہے۔ اس سے قبل بدھ کے روز نئی دہلی میں پارٹی کے صدر ملکارجن کھڑگے اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کے درمیان میٹنگ ہوئی تھی۔


ملکارجن کھڑگے اور راہل گاندھی کے درمیان ہوئی میٹنگ کے بعد پارٹی کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے کہا تھا کہ وزیر اعلیٰ کے نام پر ہر طرح سے بات چیت پوری ہو چکی ہے۔ انہوں نے صحافیوں سے یہ بھی کہا کہ کیرالہ میں کانگریس قانون ساز پارٹی کے ارکان کی جانب سے دیئے گئے اختیارات کے مطابق پارٹی ہائی کمان نے بات چیت پوری کر لی ہے اور اگلے وزیر اعلیٰ کے نام کا اعلان جمعرات کو کر دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ کیرالہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی قیادت والے یونائٹیڈ ڈیمو کریٹک فرنٹ (یو ڈی ایف) کو دو تہائی اکثریت حاصل ہوئی ہے۔ نتائج سامنے آنے کے بعد اتحادی پارٹیوں اور کانگریس رہنماؤں کے ساتھ مختلف ادوار کی ملاقاتوں کے دوران صلاح و مشورہ اور اتفاق رائے کے بعد حکومت سازی کے لیے خوشگوار ماحول قائم ہوا۔ اب آج کانگریس سی ایل پی میٹنگ طلب کی گئی ہے، جس میں کچھ دیر بعد ہی ریاست کے نئے وزیر اعلیٰ کے نام کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔


خبروں کے مطابق ریاست کے نئے وزیر اعلیٰ عہدے کی دوڑ میں کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال، موجودہ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر وی ڈی ستیشن اور سینئر کانگریس لیڈر رمیشن چینی تھلا کے نام خاص طور سے سامنے آ رہے ہیں۔ بہر حال، اعلیٰ سطحی میٹنگ سے قبل راہل گاندھی نے حال ہی میں کیرالہ کانگریس کے کئی لیڈروں اور سابق ریاستی صدور سے الگ الگ ملاقات کر کے ریاست کی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی تھی۔

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔