گوا جلسہ سے ملکارجن کھڑگے کا خطاب، کہا- ’غداروں کو ووٹ دیں گے تو آپ بھی غدار بنیں گے‘
ملکارجن کھڑگے نے گوا میں کانگریس کارکنوں سے اتحاد کے ساتھ انتخابی تیاری کی اپیل کی۔ انہوں نے بی جے پی، آر ایس ایس اور گوا حکومت پر سخت حملے کیے اور زمین، جنگلات، روزگار و آئین کے تحفظ کا عزم دہرایا

نئی دہلی: کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے گوا میں پارٹی کے بوتھ لیول ایجنٹس (بی ایل اے) اور بوتھ کارکنوں کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے حکمراں جماعت بی جے پی اور آر ایس ایس پر سخت حملہ کیا۔ انہوں نے کانگریس کارکنوں سے متحد ہو کر آئندہ انتخابات میں پارٹی کو کامیاب بنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ گوا کی زمین، جنگلات اور پانی کے تحفظ کے لیے جدوجہد ضروری ہے۔
کھڑگے نے گوا میں کانگریس کے منتخب ارکان اسمبلی کے دوسری جماعت میں جانے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے لوگوں کو ووٹ دے کر منتخب کیا گیا تھا، لیکن چند لوگ بھاگ گئے اور حکومت بن گئی۔ انہوں نے کہا کہ گوا کے عوام کو ایسے لوگوں کو ووٹ نہیں دینا چاہیے۔ انہوں نے سخت لہجے میں کہا، ’’ان غداروں کو ووٹ مت دو، اگر تم ان کو ووٹ دو گے تو تم بھی غدار بنو گے۔‘‘
کانگریس صدر نے کہا کہ بڑے شہروں سے آنے والے امیر لوگ گوا میں زمین خرید رہے ہیں اور مقامی وسائل پر قبضہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوا کی زمین، جنگلات اور پانی کو بچانا ہوگا اور ایسے سیاحوں کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے جو گوا کی ثقافت کا احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے بے روزگاری، مہنگائی اور خواتین کے خلاف جرائم کا بھی ذکر کیا۔
کھڑگے نے اپنے سیاسی سفر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کانگریس نے بہت کچھ دیا ہے اور مشکلات کے باوجود انہوں نے کبھی ہمت نہیں ہاری۔ اپنی عمر کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ان کی ’گاڑی‘ اب بھی چل رہی ہے کیونکہ ان کا ’انجن‘ اچھا ہے اور اس میں ای-20 نہیں بلکہ خالص پٹرول پڑا ہے۔
انہوں نے بی جے پی اور آر ایس ایس پر آزادی کی جدوجہد میں ان کے کردار کو لے کر سوال اٹھایا اور کہا کہ کانگریس کے رہنماؤں نے ملک کی آزادی کے لیے قربانیاں دیں۔ کھڑگے نے بی جے پی پر ملک کو تقسیم کرنے اور سماج میں اختلاف پیدا کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ملک کو اتحاد اور سیکولرازم کی ضرورت ہے۔
کانگریس صدر نے کہا کہ پارٹی کارکنوں کو بوتھ کی سطح پر متحد ہوکر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اختلافات پیدا کرنے کی کوششوں کے باوجود کارکن ایک ہی بات کہیں کہ وہ آئین، ملک، اپنے اصولوں اور نظریے کے تحفظ کے لیے متحد ہیں۔
کھڑگے نے وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ اور گوا کی حکومت کو بھی نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے بڑے صنعتی گھرانے ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور دیگر شعبوں پر قبضہ کر رہے ہیں اور اس کا اثر روزگار پر پڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر گوا میں کانگریس کی حکومت بنتی ہے تو پارٹی زمین، جنگلات اور قدرتی وسائل کا تحفظ کرے گی، نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے، مہنگائی کم کرنے اور منشیات کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے اقدامات کرے گی۔ خطاب کے اختتام پر انہوں نے کارکنوں سے گھر گھر، فرد بہ فرد اور بوتھ بہ بوتھ پہنچنے کی اپیل کی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
