مرکز نے قومی سیکورٹی سے جڑے فیک نیوز چلانے والے 16 یوٹیوب نیوز چینلوں کو کیا بلاک

وزارت برائے اطلاعات و نشریات نے ملک کی قومی سیکورٹی اور باہری ممالک کے ساتھ تعلقات سے جڑی غلط خبریں پھیلانے والے 16 یوٹیوب چینلوں کو بلاک کر دیا ہے، ان میں 6 پاکستانی اور 10 ہندوستانی چینلز ہیں۔

یوٹیوب، تصویر آئی اے این ایس
یوٹیوب، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

وزارت برائے اطلاعات و نشریات نے ملک کی قومی سیکورٹی اور باہری ممالک کے ساتھ رشتوں سے جڑے غلط خبریں پھیلانے والے 68 کروڑ سے زیادہ ناظرین کی تعداد والے 6 پاکستانی اور 10 ہندوستانی چینلوں سمیت 16 یوٹیوب نیوز چینلوں کو بلاک کر دیا ہے۔ وزارت برائے اطلاعات و نشریات نے آئی ٹی ایکٹ 2021 کے تحت ایمرجنسی قوتوں کا استعمال کرتے ہوئے دو الگ الگ احکام کے تحت 16 یوٹیوب پر مبنی نیوز چینل اور ایک فیس بک اکاؤنٹ کو بلاک کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

وزارت نے ایک بیان میں کہا کہ ’’یہ دیکھا گیا ہے کہ ان چینلوں کا استعمال قومی سیکورٹی، ہندوستان کے خارجی رشتوں، ملک میں فرقہ وارانہ خیر سگالی اور عوامی نظام سے متعلق معاملوں پر سوشل میڈیا پر فرضی خبریں پھیلانے کے لیے کیا گیا۔ کسی بھی ڈیجیٹل نیوز پبلشر نے آئی ٹی ایکٹ 2021 کے رول 18 کے تحت وزارت کو ضروری جانکاری نہیں دی تھی۔‘‘


وزارت نے مزید کہا کہ ہندوستان کے کچھ یوٹیوب چینلوں کے ذریعہ شائع مواد میں ایک طبقہ کو دہشت گرد کی شکل میں ظاہر کیا گیا ہے اور مختلف مذہبی طبقات کے اراکین کے درمیان نفرت کو اکسایا گیا ہے۔ اس طرح کے مواد میں فرقہ وارانہ نفرت پیدا کرنے اور عوامی نظام کو بگاڑنے کی منشا پائی گئی۔

ہندوستان کے کئی یوٹیوب چینل سماج کے مختلف طبقات میں دہشت پیدا کرنے کی منشا سے غیر مصدقہ نیوز اور ویڈیو شائع کرتے ہوئے پائے گئے۔ کووڈ-19 کے سبب پورے ہندوستان میں لاک ڈاؤن کے اعلان سے متعلق جھوٹے دعوے کر کے مہاجر مزدوروں کو جوکھم میں ڈالنا اور کچھ مذہبی طبقات کے لیے خطروں کا الزام لگاتے ہوئے منمانے دعوے وغیرہ اس کی مثالیں ہیں۔ ایسے مواد کو ملک میں عوامی نظام کے لیے نقصاندہ مانا گیا ہے۔


وزارت نے کہا کہ ’’پاکستان واقع یوٹیوب چینلوں کو ہندوستانی فوج، جموں و کشمیر اور یوکرین کی حالت کے ضمن میں ہندوستان کے بیرون ملکی تعلقات جیسے مختلف موضوعات پر ہندوستان کے بارے میں فرضی نیوز پوسٹ کرنے کے لیے منصوبہ بند طریقے کا استعمال کرتے ہوئے پایا گیا۔ ان چینلوں کے مواد کو قومی سیکورٹی، ہندوستان کی سالمیت اور بیرون ممالک کے ساتھ ہندوستان کے دوستانہ رشتوں کے نظریہ سے پوری طرح سے غلط اور حساس مانا گیا۔‘‘

اس سے قبل 23 اپریل کو وزارت نے پرائیویٹ ٹی وی چینلوں کو جھوٹے دعوے کرنے اور قابل اعتراض سرخیوں کا استعمال کرنے کے خلاف متنبہ بھی کیا تھا۔ وزارت نے کہا کہ ’’حکومت ہند پرنٹ، ٹیلی ویژن اور آن لائن میڈیا میں ہندوستان میں ایک محفوظ اطلاعات کا ماحول یقینی کرنے کے لیے پرعزم ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔