’کل میں حلف لوں گا اور اب یہیں رہوں گا‘، دہلی پہنچنے کے بعد نتیش کمار کا پہلا ردعمل آیا سامنے
طے شدہ پروگرام کے مطابق نتیش کمار 10 اپریل کو دوپہر 12:15 بجے راجیہ سبھا رکن کے طو پر حلف لیں گے۔ اس کے بعد وہ 10 اپریل کی شام یا 11 اپریل کی صبح پٹنہ لوٹ سکتے ہیں۔

بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار پٹنہ سے دہلی پہنچ چکے ہیں۔ طویل عرصہ بعد میڈیا کے سامنے آئے نتیش کمار نے اپنے مستقبل کو لے کر کئی اہم اشارے دیے۔ راجیہ سبھا جانے کے سوال پر انہوں نے واضح طور پر کہا کہ کل (10 اپریل) کو میں حلف لوں گا اور اب یہی رہوں گا۔ بہت وقت تک یہاں (دہلی) میں کام کیا ہے، اب پھر سے یہیں کام کروں گا۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ دہلی میں ایکٹو رہنے کے باوجود ان کا بہار سے تعلق برقرار رہے گا۔ بہار کے وزیر اعلیٰ کے مطابق اتنے سالوں تک بہار میں رہ کر بہت کام کیا ہے اور آگے بھی کام جاری رہے گا۔ اس بیان سے واضح ہے کہ وہ قومی سیاست میں فعال کردار ادا کر سکتے ہیں، لیکن ریاست کی سیاست سے مکمل طور پر دوری نہیں بنائیں گے۔
جب میڈیا نے نتیش کمار سے ان کے بیٹے نشانت کمار کی سیاست میں کردار کو لے کر سوال کیا تو وہ سیدھے طور پر جواب دینے سے بچتے ہوئے نظر آئے۔ نتیش کمار نے کہا کہ ’’اس بارے میں ہماری پارٹی کے لیڈران طے کریں گے۔‘‘ اس بیان کے بعد سیاسی حلقوں میں یہ بحث تیز ہو گئی ہے کہ آنے والے وقت میں جے ڈی یو میں نئی نسل کو ذمہ داری مل سکتی ہے۔ طے شدہ پروگرام کے مطابق نتیش کمار 10 اپریل کو دوپہر 12:15 بجے راجیہ سبھا رکن کے طو پر حلف لیں گے۔ اس کے بعد وہ 10 اپریل کی شام یا 11 اپریل کی صبح پٹنہ لوٹ سکتے ہیں۔
دوسری جانب سیاسی حلقوں میں یہ بحث زوروں پر ہے کہ نتیش کمار 14 اپریل کو وزیر اعلیٰ کے عہدہ سے استعفیٰ دے سکتے ہیں۔ اسی روز این ڈی اے کی قانون ساز پارٹی کا اجلاس بھی تجویز کیا گیا ہے، جس میں نئی حکومت کی تشکیل کو لے کر فیصلہ ہو سکتا ہے۔ واضح رہے کہ بہار میں ممکنہ اقتدار کی تبدیلی کے متعلق بی جے پی کے قومی صدر نتن نوین نے کہا کہ پورا عمل نتیش کمار کی رہنمائی میں ہی ہو رہا ہے۔ اس سے واضح اشارہ ملتے ہیں کہ اقتدار کی تبدیلی کی تیاری تال میل کے ساتھ کی جا رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔