جانچ میں تعاون کے لیے میں ای ڈی کے دفتر جاؤں گا: شرد پوار

این سی پی کے صدر شردپوار نے کہا کہ وہ جمعہ کے روز ای ڈی کے دفتر جائیں گے، انہوں نے مزید کہا کہ ان کے خلاف معاملہ درج کیے جانے کی اطلاع انہیں گذشتہ روز موصول ہوئی۔

تصویر اے آئی این ایس
تصویر اے آئی این ایس
user

یو این آئی

ممبئی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے صدر شردپوارنے کہا ہے کہ وہ جمعہ کے روز انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے دفتر جائیں گے۔ پوار نے بدھ کے روز یہاں صحافیوں سے کہا کہ ان کے خلاف معاملہ درج کیے جانے کی اطلاع انہیں گذشتہ روز موصول ہوئی۔

انہوں نے کہا،’ای ڈی افسر مجھے بلائیں نہ بلائیں ، میں جمعہ کو ان سے ملنے ضرور جاؤں گا۔ انھیں یہ نہیں لگنا چاہیے کہ میں نہیں آؤں گا۔ مہاراشٹرکے عوام میں شیواجی مہاراج کی تہذیب ہے اور ہم دہلی کے تخت کے سامنے جھکیں گےنہیں‘۔


انہوں نے کہا،’مجھے انتخابی تشہیر کے لیے ممبئی کے باہر بھی جانا ہے اس لیے میں 27 ستمبرکو ای ڈی کے دفتر جاؤں گا اور ان سے تفصیلی معلومات حاصل کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ گھپلے کے معاملے میں میرا کوئی تعلق نہ ہوتے ہوئے بھی ان کے خلاف معاملہ درج کیا گیا ہے۔‘‘

غورطلب ہے کہ مہاراشٹر اسٹیٹ کوآپریٹو گھپلے کے معاملے میں بمبئی ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی گئی تھی جس پر عدالت نے ای ڈی کو ملزموں کے خلاف معاملہ درج کرنے کا حکم دیا تھا۔ایف آئی آر میں بینک کے سابق چیئرمین، سابق نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے علاوہ کوآپریٹو بینک کے 60 سے زیادہ سابق افسران کو نامزد کیا گیا ہے۔


اسی درمیان وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے کہا کہ یہ معاملہ بمبئی ہائی کورٹ کے حکم پر درج کیا گیا ہے اور اس میں حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں اس لیے حکومت کو نشانہ بناناٹھیک نہیں ہے۔ اس معاملے میں قانون کے مطابق کاروائی ہوگی اور اگر کوئی مجرم نہیں ہے تواس کے خلاف کاروائی نہیں ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔