’منی پور میں ایک بار پھر امن بحال کرنا چاہتا ہوں‘، بھارت جوڑو نیائے یاترا کے دوسرے دن راہل گاندھی کا خطاب

’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ کے دوسرے دن راہل گاندھی نے ہزاروں لوگوں کی بھیڑ سے گزرتے ہوئے منی پور میں ایک بار پھر امن و ہم آہنگی بحال کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی</p></div>

راہل گاندھی

user

قومی آوازبیورو

امپھال: راہل گاندھی کی قیادت میں ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ 14 جنوری کو منی پور سے شروع ہوئی تھی اور آج دوسرے دن بھی منی پور میں یہ یاترا جوش و خروش کے ساتھ جاری ہے۔ دوسرے دن ہزاروں افراد سڑک پر راہل گاندھی کا استقبال کرتے ہوئے دکھائی دیے۔ ان لوگوں کو سابق کانگریس صدر نے یقین دلایا کہ وہ منی پور کو ایک بار پھر پرامن اور ہم آہنگی سے بھرپور ریاست بنائیں گے۔

’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ کے دوسرے دن راہل گاندھی نے اپنے ایک مختصر خطاب میں اس یاترا کو منی پور سے شروع کرنے کا مقصد لوگوں کو سامنے رکھا۔ انھوں نے کہا کہ ’’منی پور سے نیائے یاترا شروع کرنے کا مقصد پورے ملک میں ایک طاقتور پیغام دینا تھا اور لوگوں کو اس بات سے آگاہ کرنا تھا کہ منی پور کے لوگ کس طرح کے حالات سے گزر رہے ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’میں کئی لوگوں سے ملتا رہا ہوں اور محسوس کر سکتا ہوں کہ وہ کس درد و المیے سے گزرے ہیں۔ میں سمجھ سکتا ہوں کہ تشدد میں رشتہ داروں اور جائیدادوں سے محروم ہونے کا کیا مطلب ہے۔‘‘


اپنے خطاب کے دوران راہل گاندھی نے امید ظاہر کی کہ منی پور میں جلد از جلد امن اور ہم آہنگی کا ماحول پھر سے قائم ہوگا۔ انھوں نے بھارت جوڑو نیائے یاترا کے دوسرے دن مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے بات چیت کی۔ انھوں نے یاترا کے دران پیدل بھی سفر کیا اور بس کا بھی استعمال کیا۔ کئی مقامات پر راہل گاندھی نے بس سے اتر کر لوگوں سے گفتگو کی اور ان کے مسائل کو سمجھنے کی کوشش کی۔ سڑکوں پر بڑی تعداد میں بوڑھے، جوان، بچے بشمول خواتین ہندوستانی پرچم لے کر کھڑے دکھائی دیے۔

قابل ذکر ہے کہ کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے آج صبح ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کے ذریعہ ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ سے متعلق کچھ اہم جانکاریاں دی تھیں۔ انھوں نے اپنے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’بھارت جوڑو نیائے یاترا کے دوسرے دن کی شروعات صبح 7.30 بجے کیمپ پر سیوا دَل کے ذریعہ روایتی طور پر کی گئی پرچم کشائی کے ساتھ ہوئی۔ منی پور پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر میگھ چندر نے پرچم کشائی کی۔‘‘ انھوں نے مزید لکھا کہ ’’یاترا منی پور میں سیکمائی سے کانگپوکپی اور پھر سیناپتی سے گزرتے ہوئے آگے جائے گی۔ یاترا میں شامل لوگ آج رات ناگالینڈ میں قیام کریں گے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔