سنا ہے میرے گھر آج کل میں سرکاری مہمان آنے والے ہیں! نواب ملک

مہاراشٹر کے وزیر نے گزشتہ مہینے دعویٰ کیا تھا کہ کچھ نامعلوم افراد نے ان کی رہائش کی ریکی کرنے اور ان کے کنبہ کے افراد کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی

نواب ملک / ٹوئٹر
نواب ملک / ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: کروز ڈرگس کیس میں این سی پی لیڈر نواب ملک نے این سی بی کے زونل ڈائریکٹر کے خلاف کئی الزامات عائد کئے تھے اور ان کے بیانات شہ سرخیوں میں بھی چھائے رہے تھے۔ اس کے بعد انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا تھا کہ کچھ مرکزی ایجنسیاں انہیں فرضی معاملوں میں پھنسانے کی کوشش کر رہی ہیں۔

دریں اثنا، جمعہ کی رات کو نواب ملک نے ایک ٹوئٹ کیا، ’’ساتھیو! سنا ہے میرے گھر آج کل میں سرکاری مہمان آنے والے ہیں۔ ہم ان کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ ڈرنا مطلب روز روز مرنا، ہمیں ڈرنا نہیں لڑنا ہے۔ گاندھی لڑے تھے گوروں سے اور ہم لڑیں گے چوروں سے۔‘‘


خیال رہے کہ مہاراشٹر کے وزیر نے گزشتہ مہینے دعویٰ کیا تھا کہ کچھ نامعلوم افراد نے ان کی رہائش کی ریکی کرنے اور ان کے کنبہ کے افراد کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی۔ ساتھ ہی انہوں نے الزام لگایا کہ کچھ مرکزی ایجنسیاں انہیں فرضی معاملوں میں پھنسانا چاہتی ہیں۔

غورطلب ہے کہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو اور اس کے ممبئی زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڈے کی قیادت میں اکتوبر میں کروز شپ پر چھاپہ مار کر بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان اور کچھ دیگر افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔ بعد میں انہیں ہائی کورٹ سے ضمانت مل گئی۔ وہیں، اس کارروائی کے حوالہ سے نواب ملک نے سمیر وانکھیڈے پر لگاتار الزامات عائد کئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔