’میں اب زیادہ کام نہیں کر پاتا، نئی نسل کو آگے آنا چاہیے‘، مرکزی وزیر نتن گڈکری کے بیان سے قیاس آرائیاں شروع
نتن گڈکری نے کہا کہ ’’نئے لوگ آئے ہیں، پرانے لوگ انہیں رہنمائی دے رہے ہیں اور آہستہ آہستہ کام پھر بڑھ رہا ہے اور بڑھے ہوئے کام میں اب مزید اضافہ ہو رہا ہے۔‘‘

مرکزی وزیر نتن گڈکری نے ناگپور میں ایک پروگرام کے دوران ایسا بیان دیا ہے، جس نے سیاسی حلقوں میں ہلچل شروع کر دی ہے اور قیاس آرائیوں کا دور شروع ہو گیا ہے۔ انہوں نے کام کی تھکن کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’میں گزشتہ 30 سال سے مسلسل عوامی زندگی میں کام کر رہا ہوں۔ اب میں زیادہ سماجی کام نہیں کر سکتا۔ نئی نسل کو آگے آنا چاہیے۔ اب انہیں یہ ذمہ داری سنبھالنی چاہیے۔‘‘
نتن گڈکری کے اس بیان کے بعد مہاراشٹر کے ساتھ ساتھ مرکز کی سیاست میں بھی قیاس آرائیاں ہونے لگی ہیں کہ کیا وہ اب آرام کرنا چاہتے ہیں! کچھ لوگ یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ کیا گڈکری سیاست سے ریٹائرمنٹ لینے کا منصوبہ بنا چکے ہیں؟ حالانکہ گڈکری نے واضح لفظوں میں اس طرح کی کوئی بات نہیں کہی ہے۔ انھوں نے صرف اپنی تھکن اور نوجوان نسل کے سیاسی میدان میں آنے کا ذکر ایک ساتھ کیا، جس نے سیاسی حلقہ میں ہلچل پیدا کر دی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ناگپور کے ’ایکلویا ایکل ودیالیہ ٹیچر-سپروائزر ٹریننگ کلاس‘ کے پروگرام میں گڈکری نے کچھ اہم باتیں شرکا کے سامنے رکھیں۔ اسی دوران انھوں نے کہا کہ ’’سچ کہوں تو میں کوئی تحریک کا ذریعہ وغیرہ نہیں ہوں۔ آج کل میں زیادہ کام نہیں کر پاتا ہوں۔ جب کر سکتا تھا تب کیا، اب میرا بھی کام میں حصہ کم ہو گیا ہے۔ میں نے سب سے کہا کہ اب نئی نسل کے ہاتھوں میں کام دینا چاہیے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ’’نئے لوگ آئے ہیں، پرانے لوگ انہیں رہنمائی دے رہے ہیں اور آہستہ آہستہ کام پھر بڑھ رہا ہے اور بڑھے ہوئے کام میں اب مزید اضافہ ہو رہا ہے۔‘‘ وہ آگے کہتے ہیں کہ ’’ایک دن یہ کام اتنا بڑھ جائے گا کہ مہاراشٹر کے ایک بھی قبائلی گاؤں میں اندھیرا نہیں رہے گا، وہاں ترقی کی روشنی پھیلے گی۔ یہ تصویر آپ کو، مجھے، ہم سب کو بدلنی ہے۔‘‘
اپنی تقریر کے دوران انھوں نے ماضی کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے اپنے پرانے دنوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ان کا طرز زندگی مختلف تھا۔ کبھی بھی کچھ بھی کھا پی لیتے تھے۔ پارٹی کے لیے کام کرتے وقت سموسہ کھا کر بھی سو جاتا تھا۔ کورونا کے بعد انہوں نے اپنی صحت پر توجہ دینا شروع کی۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’میں اب روزانہ ورزش کرتا ہوں۔ جسم کا صحت مند رہنا بہت ضروری ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ اگر انسان صحت مند نہیں ہے تو پھر اقتدار اور عہدے کا کیا فائدہ۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
