پنجاب میں خوفناک حادثہ: آنند پور صاحب سے لوٹ رہی عقیدتمندوں سے بھری بس الٹ گئی، 7 لوگوں کی موت
بس میں بڑی تعداد میں عقیدتمند سوار تھے جو بیساکھی کے موقع پر گرودوارہ صاحب میں ماتھا ٹیکنے کے بعد اپنے گھر واپس جا رہے تھے۔ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ موقع پر چیخ وپکار مچ گئی۔

پنجاب کے شہر فتح گڑھ صاحب سے ایک دردناک حادثے کی خبر آرہی ہے جس میں نصف درجن سے زائد عقیدتمندوں کی موت ہوگئی اور متعدد زخمی بتائے جارہے ہیں۔ خبروں کے مطابق عقیدتمندوں کو لے کر آنند پور صاحب سے واپس آرہی بس فتح گڑھ صاحب میں سڑک کنارے کھمبے سے ٹکراکر الٹ گئی۔ حادثے میں 7 افراد ہلاک اور تقریباً 21 زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں بچے اورخواتین بھی شامل ہیں۔ حادثہ رات دیر گئے پیش آیا۔ زخمیوں کو مورنڈا اور فتح گڑھ صاحب کے اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔
اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور حادثے کا شکار بس کو سڑک کنارے کرکے ٹریفک کو کلیئر کرایا۔ بتایا جاتا ہے کہ فتح گڑھ صاحب سے تقریباً 40 عقیدتمند سری آنند پور صاحب میں بیساکھی میں شرکت کے لیے گئے تھے۔ واپسی کے دوران اچانک بس میں تکنیکی خرابی پیدا ہو گئی اور وہ بجلی کے کھمبے سے ٹکرا کر الٹ گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق بس میں عقیدتمندوں کی ایک بڑی تعداد سوار تھی جو بیساکھی کے موقع پر گرودوارہ صاحب میں ماتھا ٹیکنے کے بعد اپنے گھر واپس جا رہے تھے۔ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ بس الٹ گئی جس سے موقع پر کہرام مچ گیا اور آس پاس کے لوگ فوری مدد کے لیے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔
زخمیوں کو فوری طور پر فتح گڑھ صاحب، بسی پٹھانہ اور مورنڈہ کے سرکاری اسپتالوں میں داخل کرایا گیا۔ کئی زخمیوں کو نازک حالت کے پیش نظر پی جی آئی چنڈی گڑھ ریفر کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ حادثے کی وجہ کی تفتیش جاری ہے۔ حادثے میں زخمی ایک خاتون نے بتایا کہ بس کا ایک ٹائر اچانک پھٹ گیا جس کے بعد بس ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہوگئی۔ بس ایک طرف جھک گئی اور پھر سڑک کے کنارے لگے کھمبے سے ٹکرا گئی۔ ٹکر اتنی تیز تھی کہ اندر موجود مسافروں کو زوردار جھٹکا لگا اور کئی لوگ اپنی سیٹوں سے اُچھل کر نیچے گرگئے۔
پولیس نے واقعے کے حوالے سے سرکاری معلومات بھی شیئر کی ہیں۔ فتح گڑھ صاحب کے ایس ایس پی شبھم اگروال کے مطابق حادثہ رات 9:30 اور 10:00 کے درمیان پیش آیا۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ بس کے ایک حصے میں خرابی تھی جس کی وجہ سے گاڑی اچانک توازن کھو بیٹھی۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا۔ تقریباً 15 زخمیوں کو مورنڈا اسپتال اور 9 کو فتح گڑھ صاحب اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔