ہوم گارڈ ڈیوٹی گھپلہ: ماسٹر مائنڈ کمانڈنٹ کرپا شنکر پانڈے گرفتار

ڈی جی پی او پی سنگھ نے کہا کہ ہوم گارڈ ڈیوٹی گھپلے کے ضمن میں جانچ کی سفارش پورے اسٹیٹ کے لئے کی گئی تھی اور لکھنؤ سے ہوم گارڈ کمانڈنٹ کی گرفتاری اسی جانچ کا ایک حصہ ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

لکھنؤ: ہوم گارڈ ڈیوٹی اسکیم میں ملوث ہونے کے الزام میں گوتم بدھ نگر سے 5 ہوم گارڈ افسران کو گرفتار کرنے کے ایک دن بعد ریاستی راجدھانی سے بھی پولس نے جمعرات کو ایک ماسٹر مائنڈ ہوم گارڈ کمانڈنٹ کو گرفتار کیا ہے۔

پولس نے بتایا کہ ہوم گارڈ کمانڈنٹ کرپا شنکر پانڈے کو لکھنؤ کے گومتی نگر علاقے میں اس کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔ ریاستی راجدھانی میں ہوم گارڈ گھپلے کے ضمن میں کرپا شنکر نے گڑمبا پولس اسٹیشن سے 5 لاکھ روپئے ہوم گارڈ کی تنخواہ کے نام پر اڑا لئے۔ الزام ہے کہ کرپا شنکر نے 23 ہوم گارڈوں کی تنخواہ نکالی ہے لیکن جولائی اور اگست کے مہینے میں صرف 9 ہوم گارڈ حاضر تھے۔


وہیں ڈی جی پی او پی سنگھ نے کہا کہ ہوم گارڈ ڈیوٹی گھپلے کے ضمن میں جانچ کی سفارش پورے اسٹیٹ کے لئے کی گئی ہے اور لکھنؤ سے ہوم گارڈ کمانڈنٹ کی گرفتاری اسی جانچ کا ایک حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ہوم گارڈ کمانڈنٹ کرپا شنکر پانڈے کے خلاف کافی ثبوت ملے ہیں اور گڑمبا پولس اسٹیشن کے انسپکٹر کی جانب سے گومتی نگر پولس اسٹیشن پر ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرائے جانے کے بعد انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔

سنگھ نے کہا کہ لکھنؤ کے ایک پولس اسٹیشن پر دو ماہ کے اندر 5 لاکھ روپئے نکالے گئے تھے۔ لکھنؤ میں 44 پولس اسٹیشن ہیں باقی جگہوں پر بھی انکوائری کی جا رہی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ بدھ کو نوئیڈا (ضلع گوتم بدھ نگر) میں 9 پولس اسٹیشنوں پر ہوم گارڈ ڈیوٹی گھپلے میں ملوث ہونے کے الزام میں 5 ہوم گارڈ افسران کو گرفتار کیا گیا ہے۔ نوئیڈا میں رکھے ڈیوٹی اسکیم سے متعلق دستاویزات کو بھی مبینہ طور پر آگ لگا دی گئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔