ہماچل: منڈی میں آئی آئی ٹی کے پاس سڑک حادثہ، گاڑی پر سوار 5 لوگوں کی پُل سے نیچے گر کر موت

پنجاب نمبر کی گاڑی آئی آئی ٹی کی طرف جا رہی تھی۔ گاڑی میں 6 افراد سوار تھے۔ گاڑی سڑک کی ریلنگ سے ٹکرا کر اس پر چڑھ گئی۔ اس کے بعد گاڑی میں سوار پانچ لوگ نیچے گر گئے۔

<div class="paragraphs"><p>سڑک حادثہ / یو این آئی</p></div>

سڑک حادثہ / یو این آئی

user

قومی آواز بیورو

ہماچل پردیش کے منڈی ضلع میں اتوار کی صبح آئی آئی ٹی کے پاس بنے نئے پُل پر پنجاب کی ایک گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی۔ اس حادثہ میں 5 لوگوں کی موت ہو گئی جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔ پولیس نے لاشوں کو قبضہ میں لے کر آگے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔ ابتدائی اطلاع کے مطابق پنجاب نمبر کی یہ گاڑی پی وی 02 ای جی 4543 نمبر آئی آئی ٹی کی طرف جا رہی تھی۔ گاڑی میں 6 افراد سوار تھے۔

اطلاع کے مطابق گاڑی نئے بنائے گئے پُل پر اترتے ہی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو گئی۔ پُل پر مڑنے کی کوشش میں گاڑی سڑک کی ریلنگ سے ٹکرا کر اس پر چڑھ گئی۔ اس کے بعد گاڑی میں سوار پانچ لوگ نیچے گر گئے جو کہ اُوہل ندی اور سڑک پر گرنے کی وجہ سے شدید طور پر زخمی ہو گئے۔ سبھی پانچوں افراد نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔


حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس موقع پر پہنچی اور فوری طور پر راحت و بچاؤ مہم شروع کی گئی۔ لاشوں کو باہر نکالا گیا جبکہ زخمی کو علاج کے لیے قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں اس کی حالت سنگین بنی ہوئی ہے۔

حادثے میں مرنے والوں کی شناخت ابھی تک نہیں ہو سکی ہے۔ پولیس کے مطابق یہ لوگ سبزی سپلائی لینے کے لیے کُلّو کی طرف جا رہے تھے۔ پدھر تھانہ کے ایس ایچ او سوربھ نے بتایا کہ حادثے کی صحیح وجوہات کی ابھی جانچ جاری ہے اور حادثہ کیوں ہوا اس کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔ یہ واضح نہیں ہو پایا ہے کہ گاڑی کیسے بے قابو ہو کر نیچے گری لیکن زیادہ وزن، تیز رفتار یا بریک فیل ہونا ممکنہ وجہ مانی جا رہی ہے۔


بتایا جاتا ہے کہ ابھی تک اس نئے بنے پُل کا سرکاری طور پر افتتاح نہیں ہوا تھا، جس سے یہ سوال بھی کھڑے ہو رہے ہیں کہ کیا پُل بنانے میں حفاظتی معیار پر عمل کیا گیا تھا یا نہیں۔ حادثے نے اس علاقے میں تحفظ کو لے کر نئی تشویش پیدا کر دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔