ہماچل پردیش بورڈ کے دسویں درجہ کا ریزلٹ جاری، 700 میں سے 699 نمبر لا کر انمول بنیں ٹاپر
کانگڑا کے پاہڑا میں واقع اے وی ایم سینئر سیکنڈری اسکول کی طالبہ انمول نے 700 میں سے 699 نمبر حاصل کیے۔ ان کا فیصد 99.86 رہا، جو رواں سال پورے ہماچل میں سب سے زیادہ ہے۔

ہماچل پردیش بورڈ آف اسکول ایجوکیشن (ایچ پی بی او ایس ای) نے دسویں درجہ کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ دھرم شالہ میں واقع بورڈ ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کے دوران چیئرمین ڈاکٹر راجیش شرما نے نتائج جاری کیے۔ اس بار کا ریزلٹ کئی لحاظ سے اہم رہا، کیونکہ شرح کامیابی میں اضافہ درج کیا گیا اور میرٹ لسٹ میں ایک بار پھر لڑکیوں کا غلبہ صاف دکھائی دیا۔ رواں سال مجموعی طور پر 83.87 فیصد طلبہ امتحان میں کامیاب ہوئے ہیں۔ بورڈ کے مطابق 93 ہزار سے زائد طلبہ نے امتحان دیا تھا۔
ریزلٹ آتے ہی پورے ہماچل میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، لیکن سب سے زیادہ ذکر کانگڑا ضلع کی طالبہ انمول کا ہو رہا ہے، جنہوں نے تقریباً ’پرفیکٹ اسکور‘ حاصل کر کے تاریخ رقم کر دی ہے۔ کانگڑا کے پاہڑا میں واقع اے وی ایم سینئر سیکنڈری اسکول کی طالبہ انمول نے 700 میں سے 699 نمبر حاصل کیے۔ ان کا فیصد 99.86 رہا، جو رواں سال پورے ہماچل میں سب سے زیادہ ہے۔ جیسے ہی نتیجے کا اعلان ہوا، اسکول میں جشن شروع ہو گیا۔ انمول کی اس کامیابی نے نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے ضلع کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ اتنے شاندار نمبروں نے انہیں پوری ریاست کا ٹاپر بنا دیا ہے۔
واضح رہے کہ اس بار دوسرے مقام پر ایک نہیں بلکہ 3 طلبہ رہے۔ تینوں نے 698 نمبر حاصل کیے اور ان کا فیصد 99.71 رہا۔ ان میں ابھیشیک مہتا (اونا)، پورنیما شرما (بلاس پور) اور روحانی دھیمان اونا شامل ہیں۔ دلچسپ بات یہ رہی کہ اونا ضلع کے ٹاپ 2 میں 2 طلبہ نے جگہ بنائی۔ دوسرے مقام کی طرح تیسرا مقام بھی مشترکہ رہا۔ ہمیر پور کی آشویکا شرما اور منڈی کی الیشا ٹھاکر نے 697 نمبر حاصل کیے۔ دونوں کا فیصد 99.57 رہا۔ ان دونوں طالبات کی کامیابی نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ ہماچل کی بیٹیاں مسلسل بورڈ امتحانات میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔
اگر پوری میرٹ لسٹ پر نظر ڈالیں تو لڑکیوں کا غلبہ صاف دکھائی دیتا ہے۔ ٹاپ-5 میں زیادہ تر طالبات شامل ہیں۔ اس سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ ریاست میں بیٹیاں تعلیم کے میدان میں مسلسل آگے بڑھ رہی ہیں۔ کانگڑا، ہمیر پور، بلاسپور اور منڈی جیسے اضلاع کے طلبہ نے اس بار شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ بورڈ کے مطابق اس بار مجموعی طور پر 93694 طلبہ نے امتحان دیا تھا۔ ان میں 48097 لڑکے اور 45079 لڑکیاں شامل تھیں۔ اگر ریزلٹ کی بات کریں تو 39701 لڑکے پاس ہوئے جبکہ 38449 لڑکیاں کامیاب رہیں۔ بورڈ نے بتایا کہ 78150 طلبہ کو ’آپشنل امپروومنٹ‘ کا موقع بھی ملے گا۔
’ایچ پی بی او ایس ای‘ کے چیئرمین ڈاکٹر راجیش شرما نے بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے امتحانی سیشن سے نقل روکنے کے لیے امتحانی مراکز پر آڈیو اور ویڈیو ریکارڈنگ کا نظام نافذ کیا جا سکتا ہے۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ اس سے امتحانی عمل زیادہ شفاف اور منصفانہ بنے گا، ساتھ ہی غیر منصفانہ طرز عمل کو روکنے میں بھی مدد ملے گی۔
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
