مغربی بنگال میں رام نومی کو لے کر ہائی الرٹ، ہندو تنظیم کو جلوس نکالنے کی مشروط اجازت
مغربی بنگال حکومت نے رام نومی کے لیے حفاظتی انتظامات سخت کرکے حساس علاقوں میں 29 آئی پی ایس افسروں کو تعینات کر دیا ہے۔ ممتا بنرجی نے بی جے پی فساد کرانے کی سازش کرنے کا الزام لگایا ہے۔
رام نومی کا جلوس (فائل) / آئی اے این ایس
مغربی بنگال میں رام نومی کو لے کر زبردست کشیدگی کا ماحول ہے۔ بی جے پی نے 2000 جلوس اور شوبھا یاترا نکالنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ ممتا بنرجی نے الزام لگایا ہے کہ بی جے پی فساد کرانے کی سازش کر رہی ہے۔ وہیں کلکتہ ہائی کورٹ نے رام نومی پر ہندو تنظیم کو جلوس نکالنے کی مشروط اجازت دے دی ہے۔ اس حکم کے بعد جمعہ کو مغربی بنگال حکومت نے سیکوریٹی ایجنسیوں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔
ریاستی حکومت نے رام نومی کے لیے حفاظتی انتظامات سخت کرکے حساس علاقوں میں 29 آئی پی ایس افسروں کو تعینات کیا ہے۔ ساتھ ہی کولکاتا میں پانچ ہزار پولس اہلکار تعینات کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔ رام نومی جلوسوں کی تصویریں لینے اور ویڈیو بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
سینئر پولیس افسر کے مطابق رام نومی کے بہانہ سے بدامنی پھیلانے کی سازش کی خفیہ رپورٹ سامنے آنے کے بعد سیکوریٹی بڑھا دی گئی ہے۔ اس میں کولکاتا، مرشد آباد، ہوڑہ، مغربی میدنی پور، شمال-جنوب 24 پرگنہ، علی پور دوار، کوچ بہار وغیرہ میں اضافی پولیس دستے اور ریپڈ ایکشن فورس کی تعیناتی کی گئی ہے۔
اتوار کو رام نومی پر ریاست میں اس مرتبہ 2 ہزار جلوس/شوبھا یاترا نکالنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ بی جے پی رہنما شوبھندو ادھیکاری نے ڈیڑھ کروڑ ہندوؤں کے گھروں سے نکلنے کا دعویٰ کیا ہے۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکنے کے لیے کنٹرول روم بنایا گیا ہے۔ جلوس پر ڈرون سے نظر رکھنے کی تیاری ہے۔
واضح رہے کہ مغربی بنگال میں گزشتہ دو برسوں میں رام نومی جلوس میں تشدد کے واقعات ہو چکے ہیں۔ 2023 میں ہگلی اور ہوڑہ میں جلوس کے دوران ہوئے تشدد میں 3 لوگوں کی موت ہوگئی تھی۔
رام نومی کو لے کر بنگال میں سیاست بھی تیز ہو گئی ہے۔ شوبھندو ادھیکاری نے نندی گرام میں ایودھیا کی طرز پر رام مندر بنانے کا اعلان کیا ہے۔ اس کی بنیاد رام نومی کے موقع پر رکھنے کی بات کہی گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔