سری نگر میں بھاری بارش، سڑکیں چند منٹوں میں دریا بن گئیں

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید بارشیں ہوسکتی ہیں۔ محکمہ کے مطابق سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 26.4 ملی میٹر بارش ریکارڑ کی گئی۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: وادی کشمیر میں جمعرات کی صبح چند منٹوں تک جاری رہنے والی بارشوں سے شہر سری نگر کی تمام بڑی سڑکیں بالخصوص تاریخی لال چوک زیر آب آنے سے لوگوں کو گوناگوں دقتوں کا سامنا کرنا پڑا۔ اگرچہ انتظامیہ نے پانی کی نکاسی کے لئے پمپوں کو کام پر لگایا لیکن اس سے قبل پانی دکانوں اور مکانوں میں گھس کر مال کو خراب بھی کرگیا تھا اور مکینوں کے لئے بھی پریشانیوں کا باعث بن گیا تھا۔

ادھر محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید بارشیں ہوسکتی ہیں۔ محکمہ کے مطابق سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 26.4 ملی میٹر بارش ریکارڑ کی گئی۔ سری نگر کا تجارتی مرکز لال چوک جمعرات کی صبح جھیل کا نظارہ پیش کررہا تھا جہاں گاڑیوں کو چلنے میں دقتیں پیش آرہی تھیں وہیں راہ گیر اپنے جوتے ہاتھ میں اٹھائے چل تو رہے تھے لیکن انہیں خوف تھا کہ کہیں ڈرین میں گر کر زخمی نہ ہوجائیں۔


سری نگر میں بھاری بارش، سڑکیں چند منٹوں میں دریا بن گئیں

کئی دکانوں میں پانی گھس گیا تھا جس کی وجہ سے وہاں مختلف قسم کے مال کو کافی نقصان پہنچا۔ لال چوک کے گروپیش سڑکوں پر کم سے کم دوفٹ پانی جمع تھا جو سڑکیں نہیں بلکہ دریا و جھیل دکھائی دیتی تھیں۔ اسکولی بچوں کو اسکول جانے کے لئے والدین اپنے کندھوں پر اٹھا رہے تھے۔ ایک والد نے میڈیا کو بتایا کہ ہم دس منٹ کی بارش میں ڈوب جاتے ہیں اور بچوں کو اسکول لانے لے جانے کے لئے ہمیں انہیں اپنے کندھوں پر اٹھانا پڑتا ہے۔


سری نگر میں بھاری بارش، سڑکیں چند منٹوں میں دریا بن گئیں

رزیڈنسی روڑ اور ریگل چوک میں بھی کئی فٹ پانی جمع ہوا تھا جس سے راہ گیروں کو چلنے پھرنے میں دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ پانی ایکسچینج روڑ پر کئی عمارتوں بشمول یو این آئی دفتر اور ریڈ کراس دفتر میں گھس گیا تھا اور ان دفاتر میں کام کرنے والے ملازمین کو دفتروں میں داخل ہونے کے لئے اپنے جوتے ہاتھوں میں اٹھانے پڑے۔


سری نگر میں بھاری بارش، سڑکیں چند منٹوں میں دریا بن گئیں

سری نگر کے دیگر علاقہ جات سے موصولہ اطلاعات کے مطابق وہاں کا حال بھی اس سے مختلف نہیں تھا۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ معمولی بوندا باندی سے سڑکیں زیر آب آنا ناقص ڈرینیج سسٹم کا نتیجہ ہے۔ لال چوک میں ایک دکاندار نے کہا کہ سڑکوں کا زیر آب آنا جہاں انتظامیہ کے سری نگر کو اسمارٹ سٹی بنانے کے دعوؤں کی قلعی کھول کے رکھ دیتی ہے وہیں میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان لگاتی ہے۔


سری نگر میں بھاری بارش، سڑکیں چند منٹوں میں دریا بن گئیں

دریں اثنا ضلع مجسٹریٹ سری نگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے کہا کہ شہر میں جو سیلاب کا مسئلہ ہے وہ دہائیوں پرانا معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی نکاسی کے لئے صبح کے قریب ساڑھے چھ بجے ہی مشینری اور پمپوں کو کام پر کام لگایا گیا ہے اور تمام تر کوششیں جاری ہیں۔ ڈاکٹر شاہد اقبال نے کہا کہ جب تک ڈرینج کا کام مکمل نہیں ہوگا تب تک یہاں یہ مسئلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈرینوں میں کوڑا کرکٹ بھر جاتا ہے جس سے وہ بند ہوجاتی ہیں وہ بھی ایک وجہ ہے جس کے سبب پانی سڑکوں پر جمع ہوجاتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔