ملک کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان، محکمۂ موسمیات نے جاری کیا الرٹ

محکمۂ موسمیات کے مطابق شمالی ہندوستان میں ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں شدید بارش کا امکان ہے، جب کہ ہفتے کے روز ہریانہ، چنڈی گڑھ اور دہلی میں بھی شدید بارش ہوسکتی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>دہلی میں بارش کا منظر۔ ویڈیو گریب ’ایکس‘&nbsp;<a href="https://x.com/AHindinews">@AHindinews</a></p></div>
i

ملک کے مختلف حصوں میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، اور ہفتے کے روز بھی شدید بارش کا امکان ہے۔ ہندوستان کے محکمۂ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے شمال مغربی، وسطی، مشرقی، شمال مشرقی، مغربی اور جزیرہ نما علاقوں میں وسیع پیمانے پر بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ جمعہ کی رات جاری آئی ایم ڈی کی پیش گوئی کے مطابق کئی علاقوں میں شدید ترین بارش کے آثار ہیں۔ جب کہ ملک کے کچھ حصوں میں آندھی طوفان، بجلی گرنے اور تیز ہوا چلنے کا امکان ہے۔ محکمۂ موسمیات نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ پانی جمع ہونے، سیلاب اور بارش جیسی پریشانیوں والے علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔ شمالی ہندوستان میں ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں شدید بارش کا امکان ہے، جب کہ ہفتے کے روز ہریانہ، چنڈی گڑھ اور دہلی میں بھی شدید بارش ہوسکتی ہے۔

مشرقی اتر پردیش اور مغربی راجستھان میں کچھ جگہوں پر شدید بارش کا امکان ہے، جب کہ مشرقی راجستھان میں کچھ مقامات پر شدید ترین بارش ہوسکتی ہے۔ مشرقی ہندوستان میں اڈیشہ، گنگا کے میدانی علاقے والے مغربی بنگال اور ذیلی ہمالیائی مغربی بنگال اور سکم میں شدید بارش کی امید ہے۔ اڈیشہ کے لیے 8 اگست کو شدید بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ جب کہ بہار میں بھی شدید بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ شمال مشرقی علاقوں میں بھی موسم خراب رہنے کی توقع ہے۔ اروناچل پردیش، آسام، میگھالیہ اور دیگر شمال مشرقی ریاستوں میں بعض مقامات پر شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔ مغربی ہندوستان میں کونکن اور گوا میں وسیع پیمانے پر بارش ہونے کی توقع ہے، جبکہ مہاراشٹر اور گجرات کے کچھ حصوں میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔ جنوبی اور جزیرہ نما ہندوستان میں بھی اچھی خاصی بارش ہونے کی توقع ہے۔


آئی ایم ڈی نے 8 اگست کو ساحلی کرناٹک اور جنوبی اندرونی کرناٹک میں شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ کچھ علاقوں میں بہت زیادہ بارش بھی ہو سکتی ہے۔ کرناٹک، کیرالہ، تمل ناڈو اور آندھرا پردیش کے کچھ حصوں میں گرج چمک کے ساتھ طوفان، آسمانی بجلی گرنے اور تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔ آئی ایم ڈی نے ماہی گیروں کو بھی خبردار کیا ہے کہ وہ خراب موسم کی وجہ سے عمان، کرناٹک اور کیرالہ کے ساحلوں سمیت کئی سمندری علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔ اس درمیان جمعہ کے روز دہلی اور قومی راجدھانی خطہ میں موسلا دھار بارش ہوئی، جس کی وجہ سے سڑکوں پر پانی بھر گیا، ٹریفک نظام متاثر ہوا اور پورے خطے کئی واقعات پیش آئے۔

جنوبی دہلی کے ایم بی روڈ پر سب سے زیادہ پانی جمع ہو گیا، خصوصاً ایئر فورس اسٹیشن کے قریب پانی کی سطح تقریباً 4 فٹ تک پہنچ گئی، جس کی وجہ سے گاڑیاں پھنس گئیں اور ٹریفک بری طرح متاثر ہوا۔ خبروں کے مطابق پانی سے بھری سڑکوں پر جانے کے بعد کئی موٹر سائیکلیں اور آٹو رکشے بند ہو گئے، جبکہ کچھ زیر آب علاقوں میں آمدورفت میں مدد کے لیے ایئر فورس کے ٹرکوں کا استعمال کیا گیا۔ آئی ٹی او، پٹیل روڈ، روہتک روڈ، وزیرآباد، کیرتی نگر، شاہین باغ، دہلی جے پور ہائیوے اور بدر پور بارڈر میٹرو اسٹیشن کے قریبی علاقوں سمیت کئی راستوں پر ٹریفک متاثر رہا۔ جس کی وجہ سے مسافروں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔