ہماچل کے سرمور میں بارش اور لینڈ سلائیڈنگ سے تباہی، 7 افراد ہلاک، بیشتر راستے بند، بجلی سپلائی ٹھپ

ہماچل پردیش کے سرمور ضلع کے رونہاٹ میں شدید بارش نے تباہی مچا دی ہے، مٹی کا تودہ گرنے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ دو الگ الگ واقعات میں مزید دو افراد ہلاک ہو گئے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

شملہ: ہماچل پردیش کے سرمور ضلع میں شدید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ نے تباہی مچا دی ہے۔ مٹی کا تودہ گرنے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد سمیت 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔ سرمور کے شلائی اسمبلی حلقہ میں مکان پر مٹی کے تودے گرنے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ بڈو صاحب میں ایک مزدور کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا جبکہ نورادھر میں مٹی کا تودہ گرنے سے ایک شخص ہلاک ہو گیا۔

اطلاعات کے مطابق شیلائی کے رونہاٹ میں شدید بارش نے تباہی مچائی، یہاں مٹی کا تودہ گرنے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔ اس کے ساتھ ہی ایک شخص زخمی ہو گیا۔ مقامی لوگوں اور انتظامیہ کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن چلایا۔


مٹی کا تودہ گرنے کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب یہ خاندان کھجواڑی نامی گاؤں کے نزدیک واقع ایک گھر گھر میں سو رہا تھا، اس دوران تیز بارش ہو رہی تھی۔ اچانک مکان کی پچھلی جانب پہاڑی سے مٹی کا تودہ گرا اور مکان اس کی زد میں آ گیا۔ پورا خاندان ملبہ میں دب گیا۔ اس کی خبر ملنے پر لوگ جمع ہو گیے اور امدادی کاموں میں حصہ لیا۔

ایس ڈی ایم شیلائی سریش کمار نے بتایا کہ اطلاع کے بعد انتظامیہ کی ٹیم کو موقع پر روانہ کیا گیا اور زخمیوں کو اسپتال لے جایا گیا۔ اس کے علاوہ سرمور ضلع میں 120 سڑکیں بند کر دی گئی ہیں۔ 90 کے قریب الیکٹرک ٹرانسفارمر ٹھپ پڑے ہیں جبکہ 85 واٹر پراجیکٹوں کو نقصان پہنچا ہے۔ بارش اتنی زوردار تھی کہ کئی مقامات پر پانی کے ریلوں میں گاڑیاں تک بہہ گئیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔