سکم، اتراکھنڈ اور مدھیہ پردیش سمیت ملک کے مختلف حصوں میں شدید بارش کا الرٹ جاری!
سکم میں شدید بارش کی وجہ سے یوکسوم-تاشی ڈنگ اسمبلی حلقے کے رمبی گاؤں میں لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے، جس سے 32 سے زیادہ مکانات اور سرکاری کوارٹرز کو نقصان پہنچا ہے۔

ملک کی مختلف ریاستوں میں شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمۂ موسمیات نے کئی ریاستوں میں شدید ترین بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ جنوبی چھتیس گڑھ اور اس سے ملحق جنوبی اڈیشہ کے اندرونی علاقوں میں بننے والے ڈپریشن کا اثر کئی ریاستوں میں ہو سکتا ہے۔ اس کی وجہ سے چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش، اتر پردیش، مغربی بنگال، سکم اور اتراکھنڈ میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ آئی ایم ڈی کا کہنا ہے کہ چھتیس گڑھ، مشرقی مدھیہ پردیش اور ذیلی ہمالیائی مغربی بنگال اور سکم میں بعض مقامات شدید ترین بارش ہو سکتی ہے۔ مشرقی اتر پردیش اور مغربی اتر پردیش میں بھی شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔ جس کے مد نظر محکمۂ موسمیات نے اگلے دو دنوں میں کئی علاقوں میں بہت شدید ترین بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ایسے میں حساس علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو احتیاط برتنے کا بھی مشورہ دیا گیا ہے۔
اتر پردیش میں شدید بارش کے پیش نظر کئی اضلاع میں اسکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کانپور دیہات میں 26 ستمبر کو سبھی اسکول بند رہیں گے۔ مرزا پور میں پہلی جماعت سے 8 ویں جماعت تک کے اسکولوں میں تعطیل رہے گی۔ کوشامبی میں پہلی جماعت سے 12 ویں جماعت تک کے اسکول بند رہیں گے۔ باندا اور پریاگ راج میں بھی پہلی جماعت سے 8 ویں جماعت تک کے اسکول بند رکھنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔ اتراکھنڈ میں 26 اور 27 ستمبر کو شدید بارش کا اثر زیادہ ہو سکتا ہے۔ 26 ستمبر کو باگیشور، پتھورا گڑھ، چمپاوت، نینیتال اور ادھم سنگھ نگر میں ریڈ الرٹ ہے۔ دہرادون، پوڑی، رودر پریاگ، چمولی اور الموڑا میں اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ہریدوار، اترکاشی اور ٹہری میں یلو الرٹ ہے۔
27 ستمبر کو دہرادون، ٹہری، پوڑی اور ہریدوار میں ریڈ الرٹ ہے۔ اترکاشی، چمولی، نینیتال اور رودر پریاگ میں اورنج الرٹ ہے۔ باگیشور، الموڑا، چمپاوت، ادھم سنگھ نگر اور پتھورا گڑھ میں یلو الرٹ رہے گا۔ شدید بارش کے ساتھ ساتھ لینڈ سلائیڈنگ، سڑکیں بند ہونے، ندیوں اور نالوں میں پانی کی سطح بڑھنے اور میدانی علاقوں میں پانی بھرنے کا خطرہ لاحق ہے۔ تیز ہواؤں، گرج چمک اور آسمانی بجلی گرنے کا بھی امکان ہے۔ بارش کے الرٹ کے پیش نظر چمولی، نینیتال، پتھورا گڑھ، باگیشور اور الموڑا میں اسکول اور آنگن باڑی مراکز بند رکھنے کے احکامات دیے گئے ہیں۔ نینی تال میں 26 ستمبر کو تمام اسکول بند رہیں گے۔ سکم میں بھی بارش کی وجہ سے حالات خراب ہیں۔ شدید بارش کی وجہ سے یوکسوم-تاشی ڈنگ اسمبلی حلقے کے رمبی گاؤں میں لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے، جس سے 32 سے زیادہ مکانات اور سرکاری کوارٹرز کو نقصان پہنچا ہے۔ متاثرہ خاندانوں کو گھر خالی کرنے پر مجبور ہونا پڑا اور انہیں محفوظ مقامات اور راحتی کیمپوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔
اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے افسران کو ہائی الرٹ پر رہنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے مقامی لوگوں اور سیاحوں سے کہا ہے کہ موسم اور سڑکوں کی صورتحال دیکھنے کے بعد ہی سفر کریں۔ انتظامیہ کو ندیوں، نالوں، لینڈ سلائیڈنگ والے علاقوں، پہاڑی راستوں اور 4 دھام کے راستوں پر نگرانی بڑھانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ راحت رسانی کی ٹیموں کو بھی تیار رکھا گیا ہے۔ وہیں خلیج بنگال میں بننے والے موسمی نظام پر بھی نظر رکھی جا رہی ہے۔ اس کے مضبوط ہونے پر سائیکلونک طوفان بننے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔ اسے ممکنہ طور پر ’ارنب‘ نام دیا جا سکتا ہے۔ اس کے اثر سے اڈیشہ اور شمالی آندھرا پردیش میں شدید بارش کا خطرہ بتایا گیا تھا۔ اس وقت آئی ایم ڈی نے سائیکلون ’ارنب‘ بننے کی تصدیق نہیں کی تھی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
