آسام میں آئندہ 5 دنوں تک شدید بارش کا الرٹ، نشیبی علاقوں کے رہائشیوں کو محتاط رہنے کا مشورہ

آئی ایم ڈی نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مقامی سطح پر سیلاب، کم حد نگاہ، بجلی گرنے اور سڑکوں پر ٹریفک کی آمد و رفت میں رکاوٹ کے تئیں محتاط رہیں کیونکہ اس ہفتے ریاست میں بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر/آئی اے این ایس</p></div>
i

آسام میں آئندہ 5 دنوں تک بڑے پیمانے پر بارش ہونے کا امکان ہے۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے ریاست کے زیادہ تر حصوں میں درمیانی بارش کی پیشگوئی کی ہے اور کچھ مقامات پر شدید بارش، آندھی طوفان اور بجلی گرنے کی وارننگ جاری کی ہے۔ کچھ مقامات پر گرج چمک کے ساتھ آندھی طوفان کا بھی امکان ہے، اس لیے افسران نے لوگوں، خاص طور پر نشیبی علاقوں میں رہنے والوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے ان حالات کی وجہ وسطی آسام اور اس سے ملحقہ ناگالینڈ کے اوپر بالائی ہوا میں برقرار ’چکرواتی گردش‘ (سائکلونک سرکولیشن) کے بنے رہنے اور شمالی ہندوستان سے شمال مشرقی خلیج بنگال تک پھیلی ہوئی سرگرم مانسون ٹرف کو بتایا ہے۔ آئی ایم ڈی نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران آسام کے زیادہ تر مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش ہوئی، جبکہ گولا گھاٹ اور دھوبری اضلاع میں کچھ مقامات پر شدید سے بہت شدید بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ جورہاٹ، شیوساگر، سونیت پور، کوکراجھار، بسوناتھ اور ناگاؤں اضلاع کے کچھ حصوں میں بھی شدید بارش کی اطلاع ہے۔


اس دوران سب سے زیادہ بارش کامروپ (میٹرو) کے پانڈو میں 20 سینٹی میٹر، کامروپ کے ککورمارا مرزا میں 17 سینٹی میٹر، گواہاٹی ایئرپورٹ پر 14 سینٹی میٹر، بوکا کھاٹ اور گولا گھاٹ میں 13-13 سینٹی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ اگومنی اور کاماکھیا میں 12 سینٹی میٹر بارش ہوئی۔ افسران نے کہا کہ مسلسل ہونے والی بارش سے ان اضلاع میں سیلاب اور آبی جماؤ کی صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے جو پہلے ہی دریاؤں کے بڑھتے ہوئے پانی کی سطح سے متاثر ہیں۔

ڈیساسٹر مینجمنٹ کے افسران صورتحال پر باریکی سے نظر رکھے ہوئے ہیں اور انہوں نے لوگوں سے موسم سے متعلق ہدایات پر عمل کرنے اور شدید بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔ آئی ایم ڈی نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مقامی سطح پر سیلاب، کم حد نگاہ، بجلی گرنے اور سڑکوں پر ٹریفک کی آمد و رفت میں رکاوٹ کے تئیں محتاط رہیں کیونکہ اس ہفتے ریاست میں بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔