واہ یوگی سرکار! اب بلرامپور میں بھی عصمت دری کی شکار متاثرہ کی آخری رسومات رات میں ہی ادا

اتر پردیش کے بلرامپور میں ایک کالج کی طالبا کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کا معاملہ سامنے آیا ہے جس میں ہاتھرس کی طرح متاثرہ کی موت ہو گئی اور رات میں ہی اس کی آخری رسومات اد ا کر دی گئیں۔

تصویر سوشل میڈیا بشکریہ این ڈی ٹی وی
تصویر سوشل میڈیا بشکریہ این ڈی ٹی وی
user

قومی آوازبیورو

ہاتھرس معاملہ میں متاثرہ کی موت اور اس کی آخری رسومات کو لے کرلوگوں میں ابھی غصہ کم بھی نہیں ہوا تھا کہ بلرامپور سے ایک نیا معاملہ سامنے آیا ہے جس میں ایک کالج کی طالبا کی اجتماعی عصمت دری کے بعد موت ہو گئی اور اس کی آخری رسومات بھی ہاتھرس کی متاثرہ کی طرح پولیس نے رات میں ہی کروادیں ۔اس معاملہ میں متاثرہ کے بھائی نے نامزد رپورٹ بھی درج کرائی ہے۔واضح رہے یہ واقعہ مجھولی گاؤں کا ہے۔

خبروں کے مطابق جس دن یہ طالبا ڈگری کالج اپنی فیس جمع کرانے گئی تھی اسی دن شام کو سات بجے ایک رکشا چلانے والا اس لڑکی کو اس کے گھر بےہوش حالت میں چھوڑ گیا ۔گھر والے طالبا کو اسپتال لے جانے لگے تو راستہ میں ہی طالبا کی موت ہو گئی ۔رشتہ داروں کا الزام ہے کہ کالج سے لوٹتے وقت طالبا کو اغوا کیا گیا اور گینسڈی قصبہ کے ایک کمرے میں اس کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کی گئی ۔


اس واقعہ کے بعد سے پورے علاقہ میں سنسنی پھیل گئی ہے اور تناؤ کا ماحول ہے۔ پولیس نے طالبا کے بھائی کی تحریر پر دو نوجوانوں کو گرفتار کر لیا ہے ۔ واضح رہے جس کمرے میں طالبا کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کرنے کا الزام ہے اس کمرے کے باہر طالبا کے چپل ملے ہیں۔ جس رکشا سے طالبا کو اس کے گھر پہنچایا گیا وہ رکشا بھی اسی گھر کے سامنے ملا ہے۔

خبروں کے مطابق پولیس سے جو اطلاع ملی ہے وہ یہ ہے کہ جس کمرے میں طالبا کے ساتھ عصمت دری کرنے کا الزام ہے اور ایک کرانہ اسٹور کے پیچھے کا کمرہ ہے اور شکایت کے مطابق کرانہ اسٹور چلانے والا نو جوان ہی اس جرم کا ماسٹر مائنڈ ہے۔بتایا جا رہا ہے کہ عصمت دری کے بعد جب طالبا کی حالت بگڑنے لگی تبھی ان لڑکوں نے پڑوس سے ایک ڈاکٹر کو بلوایا لیکن ڈاکٹر نے کمرے میں اکیلی لڑکی کو دیکھ کر علاج کرنے سے انکار کر دیا ۔ ڈاکٹر نے ان لڑکوں کو طالبا کے گھر والوں کو اطلاع دینے کی بات کہی۔


بلرامپور کے ایس پی دیو رنجن ورما کا کہنا ہے کہ بازار گینسڈی کے دو لڑکوں نے متاثرہ کے علاج کے لئےڈاکٹر کو بلایا تھا۔ انہی دونوں لڑکوں نےلڑکی کے ساتھ منہ کالا کیا اور حالت بگڑنے پر رکشے سے طالبا کو اس کے گھر بھیج دیا ۔

لاش کے پوسٹ مارٹم کے بعد متاثرہ کی لاش کو اس کے گاؤں پہنچا دیاگیا ۔واضح رہے گاؤں میں پہلے سے ہی بڑی تعداد میں پولیس موجود تھی ۔ دیر رات میں ہی متاثرہ کی آخری رسومات ادا کر دی گئیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 01 Oct 2020, 9:11 AM