ہریانہ: ایس آئی آر کے پہلے مرحلے کے بعد ووٹر لسٹ سے تقریباً 34 لاکھ نام خارج، ڈرافٹ فہرست جاری
الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ جو ووٹرس ایک سے زیادہ مقامات کی ووٹر لسٹ میں درج پائے گئے ہیں، ان کا نام صرف ایک ہی مقام کی لسٹ میں رکھا جائے گا۔
ہریانہ میں ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) کے پہلے مرحلے کا کام مکمل ہو گیا ہے۔ کام پورا ہونے کے بعد ریاست کی تمام 90 اسمبلی سیٹوں کے لیے ووٹر لسٹ کا ڈرافٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ تقریباً 34 لاکھ ووٹرس زمینی سطح پر موجود نہیں ہیں جس کی وجہ سے ان کے نام ووٹر لسٹ سے کاٹ دیے گئے ہیں۔
جمعہ (31 جولائی) کو جاری ہونے والے آفیشیل بیان کے مطابق 20629 بوتھ لیول افسران (بی ایل او) نے 2.06 کروڑ سے زائد ووٹرس کے درمیان فارم تقسیم کیے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ 24 جولائی تک مجموعی طور پر 20655929 ووٹرس میں سے 17272627 ووٹرس نے اپنے فارم جمع کروا دیے۔ اس سے ایس آئی آر کے اس مرحلے میں ووٹرس کی بڑے پیمانے پر شرکت کو ظاہر کرتا ہے۔
ایس آئی آر کے دوران 24.13 لاکھ ووٹرس ایسے پائے گئے جو مستقل طور پر کسی دوسری جگہ منتقل ہو چکے تھے، غیر حاضر تھے یا دیگر زمروں میں آتے تھے۔ اس کے علاوہ 7.66 لاکھ لوگوں کی موت ہو چکی ہے، جبکہ 2.04 لاکھ ووٹرس ایک سے زیادہ مقامات پر ووٹر لسٹ میں درج پائے گئے۔ الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ جن حقیقی ووٹرس کے نام کسی وجہ سے ڈرافٹ ووٹر لسٹ میں شامل نہیں ہو سکے ہیں، وہ 31 جولائی سے 30 اگست تک جاری رہنے والی دعووں اور اعتراضات کی مدت کے دوران طے شدہ ڈیکلریشن فارم کے ساتھ فارم-6 جمع کروا کر اپنا نام شامل کرانے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ جو ووٹرس ایک سے زیادہ مقامات کی ووٹر لسٹ میں درج پائے گئے ہیں، ان کا نام صرف ایک ہی مقام کی لسٹ میں رکھا جائے گا۔ دعووں اور اعتراضات کے تصفیے کی کارروائی 31 جولائی سے 28 ستمبر تک جاری رہے گی۔ اس کے بعد 3 اکتوبر کو حتمی ووٹر لسٹ شائع کی جائے گی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہریانہ میں ایس آئی آر کا عمل زیادہ سے زیادہ عوامی شرکت، تمام اہل ووٹرس کی مکمل شمولیت اور ہر مرحلے پر شفافیت یقینی بنانے کے مقصد سے چلایا گیا۔
الیکشن کمیشن کے بیان کے مطابق اس مہم کی کامیابی کا سہرا ہریانہ کے تمام 23 اضلاع کے ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسرز (ڈی ای او)، 90 الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرز (ای آر او) 1594 اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرز (اے ای آر او) 2244 بی ایل او سپروائزرز اور 20629 پولنگ اسٹیشنوں پر تعینات 20629 بوتھ لیول افسران (بی ایل او) کی مشترکہ کوششوں کو جاتا ہے۔ رضا کاروں نے بھی اس مہم میں تعاون کیا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
