ہریانہ: دسویں جماعت کے ریزلٹ کا اعلان، 89.6 فیصد طلبا ہوئے پاس، گزشتہ 3 سالوں میں سب سے خراب کارکردگی

ہریانہ اسکول اگزامنیشن بورڈ کے صدر ڈاکٹر پون کمار نے بتایا کہ سیکنڈری (تعلیمی) ریگولر امتحان دینے والے طلبا کا نتیجہ 89.60 فیصد جبکہ پرائیویٹ امیدواروں کا نتیجہ 70.02 فیصد رہا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر، آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

google_preferred_badge

ہریانہ اسکول اگزامنیشن بورڈ نے دسویں جماعت کے امتحان کا نتیجہ جاری کر دیا ہے۔ اس سال مجموعی طور پر 89.6 فیصد طلبا امتحان میں کامیاب ہوئے ہیں۔ گزشتہ 3 برسوں کے اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو رواں سال دسویں جماعت کی سب سے خراب کارکردگی دیکھنے کو ملی ہے۔ نتیجہ جاری ہوتے ہی اسے دیکھنے کے لیے ایک ساتھ لاکھوں طلبا امنڈ پڑے۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ بورڈ کی سرکاری ویب سائٹ کریش (ٹھپ) ہو گئی، جس سے طلبا کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

ہریانہ اسکول اگزامنیشن بورڈ کے صدر ڈاکٹر پون کمار نے بتایا کہ سیکنڈری (تعلیمی) ریگولر امتحان دینے والے طلبا کا نتیجہ 89.60 فیصد جبکہ پرائیویٹ امیدواروں کا نتیجہ 70.02 فیصد رہا ہے۔ بورڈ صدر نے تمام طلبا، ان کے سرپرستوں اور اساتذہ کو بہتر امتحانی نتائج پر دلی مبارک باد دی۔ بورڈ صدر نے بتایا کہ سیکنڈری (تعلیمی) ریگولر امتحان میں 2,76,640 امیدوار شامل ہوئے تھے، جن میں سے 2,47,860 کامیاب ہوئے، جبکہ 6,201 امیدواروں کا نتیجہ ایسینشل ریپیٹ رہا، یعنی ایسے امیدواروں کو دوبارہ امتحان میں بیٹھنے کی ضرورت ہوگی۔


اس امتحان میں 1,33,530 شامل طالبات میں سے 1,22,367 پاس ہوئیں۔ ان کی کامیابی کی شرح 91.64 فیصد رہی، جبکہ 1,43,110 طلبا میں سے 1,25,493 پاس ہوئے۔ ان کی کامیابی کی شرح 87.69 فیصد رہی۔ اس طرح طالبات نے طلبا کے مقابلے میں 3.95 فیصد زیادہ کامیابی کی شرح درج کرتے ہوئے سبقت حاصل کی ہے۔ ڈاکٹر پون کمار نے بتایا کہ اس امتحان میں سرکاری اسکولوں کی کامیابی کی شرح 87.23 فیصد جبکہ پرائیویٹ اسکولوں کی کامیابی کی شرح 92.45 فیصد رہی ہے۔ اس امتحان میں دیہی علاقوں کے طلبا کی کامیابی کی شرح 90.25 فیصد رہی، جبکہ شہری علاقوں کے طلبا کی کامیابی کی شرح 87.94 فیصد رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کامیابی کی شرح میں ضلع چرخی دادری پہلے مقام پر، جیند دوسرے مقام پر، مہندر گڑھ تیسرے مقام پر رہا، جبکہ ضلع نوح سب سے نچلے مقام پر رہا۔

ڈاکٹر پون کمار کے مطابق یہ ریزلٹ آج شام سے متعلقہ اسکولوں/اداروں کے ذریعے بورڈ کی ویب سائٹ پر جا کر اپنی یوزر آئی ڈی اور پاس ورڈ کے ذریعے لاگ اِن کرتے ہوئے ڈاؤن لوڈ بھی کیا جا سکے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سیکنڈری امتحان کے پرائیویٹ امیدواروں کا ریزلٹ 70.02 فیصد رہا ہے۔ اس امتحان میں 4,556 امیدوار شامل ہوئے، جن میں سے 3,190 پاس ہوئے۔


پرائیویٹ امیدوار اپنا رول نمبر یا نام، والد کا نام، والدہ کا نام اور تاریخ پیدائش درج کرتے ہوئے امتحان کا ریزلٹ دیکھ سکتے ہیں۔ اسکولی طلبا بھی اپنا نتیجہ رول نمبر اور تاریخ پیدائش درج کر کے دیکھ سکتے ہیں۔ بورڈ صدر نے بتایا کہ اس کے علاوہ ریاست بھر میں منعقد کرائے گئے سیکنڈری اوپن اسکول سالانہ امتحان-2026 (فریش، ری-اپیئر، نمبرات میں بہتری اور اضافی مضامین) کے نتائج بھی آج جاری کیے جا رہے ہیں۔ امیدوار اپنا نتیجہ بورڈ کی سرکاری ویب سائٹ پر دیکھ سکتے ہیں۔

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔