کشمیر سے عازمین حج کی جدہ روانگی شروع، پہلے قافلے کو مشیر بھٹناگر نے رخصت کیا

سری نگر کے انٹرنیشنل ائر پورٹ سے اتوار کو 145 عازمین پر مشتمل پہلے قافلے کو لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر آر آر بھٹناگر نے رخصت کیا

تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @HaramainInfo
تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @HaramainInfo
user

یو این آئی

سری نگر: فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے کشمیری عازمین کی سعودی عرب کے شہر جدہ روانگی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور سری نگر کے انٹرنیشنل ائر پورٹ سے اتوار کو 145 عازمین پر مشتمل پہلے قافلے کو لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر آر آر بھٹناگر نے رخصت کیا۔

سری نگر کے مضافاتی علاقہ بمنہ میں واقع سری نگر حج ہاوس سے اتوار کی صبح حجاج کو ایس آر ٹی سی کی مخصوص گاڑیوں کے ذریعے ائر پورٹ پہنچایا گیا، متعلقہ انتظامیہ نے حجاج کرام کی سہولیات کے لئے تمام تر انتظامات کئے ہیں۔

اس موقع پر حج ہاوس سری نگر کے سی ای او ڈاکٹر عبدالسلام نے بتایا ’امسال چھ ہزار کے قریب کشمیری فریضہ حج کی ادائیگی سے شرفیاب ہوں گے۔‘

انہوں نے کہا کہ حجاج کرام کی سہولیات کے لئے تمام تر انتظامات کو عملی شکل دی گئی ہے، انہوں نے حجاج کے احباب و اقارب سے سری نگر ائر پورٹ پر تشریف لانے سے احتراز کرنے کی اپیل کی ہے۔


تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @HaramainInfo
تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @HaramainInfo

حج ہاوس سری نگر میں حجاج کرام سوئے حرم کی طرف روانہ ہونے لگے تو وہاں موجود اپنے اقارب و احباب کے ساتھ آبدیدہ ہو کر بغل گیر ہو رہے تھے۔ بیشتر عازمین نے کہاکہ وہ اللہ کے گھر خانہ کعبہ میں وادی میں امن و امان کی بحالی، خوشحالی اور ترقی کے لئے دعا کریں گے۔

ایک معمر عازم حج نے بتایا: 'ہم بہت خوش ہیں کہ حج پر جارہے ہیں۔ اللہ میرا اور ہم سب کا حج قبول فرمائے۔ ہم وہاں کشمر میں امن وامان کی بحالی کے لئے دعا کریں گے۔ انتظامیہ نے حج ہاﺅس میں ہمارے لئے بہترین انتظامات کئے تھے'۔

ایک خاتون عازم حج کا کہنا تھا: 'ہم خوش ہیں کہ اللہ کے گھر میں حاضری دینے کے لئے جارہے ہیں۔ اللہ تمام مسلمانوں کو حج بیت اللہ کی سعادت عطا فرمائے'۔

نامہ نگار نے بتایا کہ اتوار کے روز 145عازمین پر مشتمل پہلا قافلہ جس میں 80 مرد اور 65 خواتین شامل تھیں کو سری نگر ہوائی اڈے سے جدہ کی طرف رخصت کیا گیا۔

لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر آر آر بھٹناگر کے علاوہ پرنسپل سیکریٹری ایل جی ، ڈویژنل کمشنر کشمیر پی کے پول اور آئی جی کشمیر وجے کمار بھی اس موقع پر موجود رہے ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔