’گیانیش کمار امریکہ بھاگ جائیں‘، برازیلی لیڈر بولسونارو کا حوالہ دے کر مہوا موئترا نے چیف الیکشن کمشنر کو دیا مشورہ

مہوا موئترا نے دعویٰ کیا کہ آنے والے وقت میں مرکزی حکومت بدل جائے گی اور گیانیش کمار کو جیل جانا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے بہتر ہے وہ پرواز پکڑ کر امریکہ چلے جائیں۔

مہوا موئترا، تصویر آئی اے این ایس
i

ایس آئی آر معاملہ پر چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو مستقل تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اپوزیشن کی سبھی پارٹیاں ان کے خلاف لگاتار آواز اٹھا رہی ہیں اور استعفیٰ کا مطالبہ بھی جاری ہے۔ اس معاملے میں ممتا بنرجی کی قریبی اور ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا نے طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں امریکہ کی پرواز پکڑ لینی چاہیے۔ مہوا موئترا نے برازیل کے اپوزیشن لیڈر بولسونارو کی مثال بھی دی، اور کہا کہ گیانیش کمار اگر امریکہ فرار ہو جاتے ہیں تو ٹرمپ انھیں ضرور پناہ دیں گے۔ مہوا موئترا نے کہا کہ جس طرح ٹرمپ نے بولسونارو کو محفوظ پناہ دی ہے، اسی طرح وہ گیانیش کمار کی بھی مدد کر سکتے ہیں۔ گیانیش وہاں ووٹ چوری کر کے ٹرمپ کی مدد بھی کر سکتے ہیں۔

خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس سے بات کرتے ہوئے مہوا موئترا نے دعویٰ کیا کہ آنے والے وقت میں مرکزی حکومت بدل جائے گی اور گیانیش کمار کو جیل جانا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے بہتر ہے وہ پرواز پکڑ کر امریکہ چلے جائیں۔ مہوا نے دو ٹوک لفظوں میں کہا کہ ’’ایک بات یاد رکھیے، گیانیش کمار بچنے والے نہیں ہیں۔ 2029 میں یا اس سے پہلے ہی یہ حکومت چلی جائے گی، اور جس دن انڈیا بلاک اقتدار میں آئے گا، اسی دن اس ضابطے کو واپس لے لیا جائے گا اور گیانیش کمار کو جیل بھیج دیا جائے گا۔‘‘


مہوا کا کہنا ہے کہ جیسا سبھی جانتے ہیں، برازیل کے لیڈر فلاویو بولسونارو جیل جانے والے تھے، لیکن وہ اسی وقت امریکہ فرار ہو گئے۔ میں گیانیش کمار کو بھی مشورہ دیتی ہوں کہ آپ جیل جانے والے ہیں، اس لیے بہتر ہے کہ امریکہ چلے جائیں۔ ڈونالڈ ٹرمپ کو آپ کی ضرورت ہے۔ وہاں آپ کو تحفظ ملے گا۔ 2 سال تک ڈونالڈ ٹرمپ کی مدد کیجیے تاکہ وہ ہندوستان کی طرح ووٹ چوری کر کے صدارتی انتخابات جیت سکیں۔

قابل ذکر ہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ نے ایک بار سوشل میڈیا پر گیانیش کمار کی تعریف کی تھی۔ انہوں نے ہندوستان کے الیکشن کمیشن کو قابل رسائی اور محفوظ قرار دیا تھا۔ اس کے بعد ہندوستان میں اپوزیشن لیڈران نے اس پر سوال اٹھائے تھے۔ اپوزیشن مسلسل چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار پر ووٹ چوری کے الزامات عائد کرتا رہا ہے اور ایس آئی آر کے معاملے پر مسلسل چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کا مطالبہ کر رہا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔