گوالیار سڑک حادثہ: متاثرین کے اہل خانہ کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلیٰ موہن یادو نے معاوضے کا کیا اعلان
موہن یادو نے کہا کہ ’’ریاستی حکومت کی جانب سے مہلوکین کے اہل خانہ کو 4-4 لاکھ روپے، شدید زخمیوں کو 2-2 لاکھ روپے اور دیگر زخمیوں کو 50-50 ہزار روپے کی مالی امداد فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔‘‘

مدھیہ پردیش کے گوالیار میں پیش آئے دردناک سڑک حادثے پر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، وزیر اعظم نریندر مودی اور ریاستی وزیر اعلیٰ موہن یادو نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ گوالیار کے شیتلا ماتا مندر کے قریب ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب ایک بے قابو ٹرک کی زد میں آنے کے باعث 15 افراد کی موت ہو گئی، جبکہ کئی افراد زخمی ہو گئے۔ اس واقعہ پر وزیر اعظم کے دفتر (پی ایم او) نے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔
پی ایم او نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر وزیر اعظم مودی کے حوالے سے لکھا کہ ’’مدھیہ پردیش کے گوالیار میں پیش آئے حادثے میں لوگوں کی جان جانے کی خبر سے بہت تکلیف ہوئی۔ سوگوار خاندانوں کے تئیں میری تعزیت ہے۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہوں۔ جان گنوانے والوں کے لواحقین کو وزیر اعظم قومی راحت فنڈ (پی ایم این آر ایف) سے 2-2 لاکھ روپے کی امدادی رقم دی جائے گی، جبکہ زخمیوں کو 50-50 ہزار روپے دیے جائیں گے۔‘‘
ریاستی وزیر اعلیٰ موہن یادو نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’گوالیار میں ٹرک حادثے میں عقیدت مندوں کی موت کی خبر انتہائی تکلیف دہ ہے۔ اس دکھ کی گھڑی میں ریاستی حکومت تمام متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ تمام مہلوکین کے اہل خانہ کے تئیں میری تعزیت ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’ریاستی حکومت کی جانب سے مہلوکین کے اہل خانہ کو 4-4 لاکھ روپے، شدید زخمیوں کو 2-2 لاکھ روپے اور دیگر زخمیوں کو 50-50 ہزار روپے کی مالی امداد فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ تمام زخمیوں کا مفت علاج کیا جائے گا۔ متاثرہ خاندان گوالیار، شیوپوری اور شیپور سے تعلق رکھتے ہیں۔‘‘
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’مدھیہ پردیش کے گوالیار میں سڑک حادثے میں لوگوں کی موت کی خبر افسوسناک ہے۔ میں سوگوار خاندانوں کے تئیں گہری تعزیت کا اظہار کرتی ہوں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتی ہوں۔‘‘
ہندی نیوز پورٹل ’اے بی پی نیوز‘ پر شائع ایک رپورٹ کے مطابق گوالیار کے ایس ایس پی دھرم ویر سنگھ نے بتایا کہ نوراتری کے دوران بڑی تعداد میں عقیدت مند مندر جا رہے تھے۔ چھینور کی طرف جانے والی سڑک پر ڈھلان کافی تیز ہے، جہاں بھاری گاڑیوں کی آمد و رفت ممنوع ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ دھان سے لدا ایک ٹرک پولیس بیریکڈز توڑ کر اچانک بے قابو ہو گیا۔ ٹرک ڈھلان سے نیچے آیا اور مندر کی بیرونی دیوار اور گیٹ سے ٹکرا گیا۔ اس کی زد میں سڑک پر موجود عقیدت مند آ گئے۔ موقع پر تعینات 2 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
