امریکی شہریوں سے گڑگاؤں میں بیٹھ کر ٹھگی، فرضی کال سینٹر کا پردہ فاش، 9 افراد گرفتار

گرفتار افراد میں سے دو کی شناخت ستیندر عرف سیم اور انکیش سچدیوا، کال سینٹر کے آپریٹر کے طور پر کی گئی ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

گڑگاؤں: امریکہ کے سرکاری اہلکار ظاہر کر کے امریکی شہریوں کے ساتھ ٹھگی کرنے کے الزام میں گڑگاؤں (گروگرام) سے 9 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اس کی اطلاع پولیس نے دی ہے۔ ملزمان سیکٹر 48 میں جے ایم ڈی میگا پولیس کی عمارت کی ساتویں منزل سے کام کام کرتے تھے۔

انہوں نے امریکی شہریوں کو 9000 ڈالر سے 34000 ڈالر کی گرانٹ فراہم کرنے کا لالچ دیا اور سروس چارج کے طور پر 200 سے 1600 ڈالر وصول کیے، جنہیں آن لائن ٹریڈنگ پلیٹ فارم کے ذریعے حاصل کر لیا گیا۔ پولیس نے منگل کی رات ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 1.50 لاکھ روپے، تین لیپ ٹاپ اور چار ’سی پی یو‘ برآمد کئے ہیں۔


ملزمان نے فلور رینٹ کے طور پر 6 ماہ کے لیے 85 ہزار روپے ماہانہ ادا کئے ہیں۔ گرفتار افراد میں سے دو کی شناخت ستیندر عرف سیم اور انکیش سچدیوا، کال سینٹر کے آپریٹر کے طور پر کی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق سی ایم فلائنگ ونگ کے ڈی ایس پی اندرجیت سنگھ یادو اور اے سی پی صدر سنجیو بلہارا کی قیادت میں ایک ٹیم نے کال سینٹر پر چھاپہ مارا۔

یادو نے کہا، "کال سینٹر کے پاس محکمہ ٹیلی کمیونیکیشن (ڈی او ٹی) کی طرف سے جاری کردہ کوئی لائسنس نہیں تھا۔‘‘ ڈی ایس پی نے کہا، "ملزم آپریٹر نے انکشاف کیا کہ اس نے پہلے گڑگاؤں میں ایک کال سینٹر کھولا تھا لیکن کورونا کی وجہ سے وہ بند ہو گیا تھا۔ پولیس نے 5 صفحات پر مشتمل ایک اسکرپٹ بھی برآمد کیا ہے، جو کال سینٹر آپریٹر کی جانب سے ملازمین کو امریکی شہریوں کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے فراہم کیا گیا تھا۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔