کشمیر میں گورو نانک دیو کا 550 واں جنم دن مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا

سری نگر میں سب سے بڑی تقریب کوہ ماراں کے دامن میں واقع سکھوں کے مشہور چھٹی پادشاہی گردوارہ میں منعقد ہوئی جہاں حضرت محبوب العالم شیخ حمزہ مخدومی (رح) کی زیارت گاہ اور شاریکا دیوی کا مندر واقع ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: وادی کشمیر میں منگل کے روز سکھ مذہب کے بانی گورو نانک دیو جی کا 550 واں جنم دن مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ وادی میں منگل کی صبح سخت سردی اور جاری ہڑتال کے باوجود سکھ برادری کے اراکین جو نئے کپڑے زیب تن کیے ہوئے تھے، کا گردواروں اور دوسری مذہبی مقامات پر تانتا بندھا رہا۔

سری نگر میں سب سے بڑی تقریب کوہ ماراں کے دامن میں واقع سکھوں کے مشہور چھٹی پادشاہی گردوارہ میں منعقد ہوئی جہاں حضرت محبوب العالم شیخ حمزہ مخدومی (رح) کی زیارت گاہ اور شاریکا دیوی کا مندر نزدیک میں ہی واقع ہیں۔ سکھ عقیدتمندوں کی بڑی تعداد جس میں خواتین اور بچوں کی خاصی تعداد شامل تھی، نے منگل کی صبح سے ہی اس گردوارے پر حاضری دینا شروع کیا۔ اس موقع پر سکھ عقیدتمندوں کے لئے خصوصی لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔


چھٹی پادشاہی گردوارہ تقریب کی طرز پر بارہمولہ، ترال، جواہر نگر، بڈگام، صنعت نگر، برزلہ اور وادی کی دوسری مقامات پر بھی تقاریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ خصوصی تقریبات کا انعقاد جنوبی کشمیرکے بجبہاڑہ اور مٹن میں ہوا جہاں گورو نانک دیو جی لداخ کے راستے سے چین جانے سے قبل کچھ وقت کے لئے رکے تھے۔

کل جماعتی سکھ کوآرڈنیشن کمیٹی کے چیئرمین جگ موہن سنگھ رینہ کے مطابق چین جانے سے قبل گورو جی کچھ وقت کے لئے لیہہ میں بھی رکے تھے جہاں ایک گردوارہ تعمیر کیا گیا ہے۔ کشمیری مسلمان اور کشمیر پنڈت سکھوں کو گورونانک دیو جی کے 550 ویں جنم دن کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے نظر آئے۔


خطہ جموں سے موصولہ اطلاعات کے مطابق وہاں بھی گورونانک دیو جی کا جنم دن مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ شری گورو نانک دیوجی گردوارہ چاند نگر جموں سمیت شہر کے تمام گردواروں میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ خطہ کے دوسرے اضلاع بشمول ادھم پور، کٹھوعہ اور سانبہ میں بھی خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق صوبہ جموں میں ضلعی گوردوارہ پربندھک کمیٹیوں کی جانب سے صوبہ جموں کے سبھی گوردواروں میں 'گور پورب' کے موقع پر تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ اس سلسلے میں سب بڑی تقریب جموں کے بی بی چاند کور گوردوارہ میں منعقد ہوئی جس میں ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کرکے گوردوارہ میں ماتھا ٹیکہ اور ملک میں امن و امان اور خوشحالی کے لئے دعائیں مانگیں۔
اس موقع پر راگی جتھوں نے بھجن کرتن کر کے عقیدتمندوں کو محظوظ کیا۔


اس موقع پر مقررین نے گورونانک دیو کی زندگی اور تعلیمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ گورو نانک دیو جی ایک عظیم سنت تھے اور ان کی تعلیمات آنے والی نسلوں کے لئے مشعل راہ ثابت ہوگی۔ انہوں نے ملک میں آپسی بھائی چارے اور باہمی روا داری کے رشتوں کو مضبوط کرنے کے لئے گورو نانک دیو جی کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی۔ اس موقع پر خصوصی لنگر کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ سکھ مذہب کے بانی گورو نانک دیو جی کا جنم غیر منقسم ہندوستان کے لاہور کے تلونڈی ( ننکانہ صاحب) میں 15 اپریل 1469 کو ہو ا اور وفات 22 دسمبر1539 کو شہر کرتار پور میں ہوئی۔ گو رونانک دیو جی سکھ مذہب کے بانی اور پہلے گورو بھی تھے۔


دریں اثنا لیفٹیننٹ گورنر گریش چندرا مرمو نے گورو نانک دیو جی کے جنم دن کے مقدس موقعہ پر لوگوں کو مبارک باد دی ہے۔ اپنے ایک مبارک بادی کے پیغام میں لیفٹیننٹ گورنر نے گورو نانک دیوجی کو امن، اتحاد اور صبر کا ایک نمونہ قرار دیا جن کی تعلیمات آنے والی نسلوں کے لئے مشعل راہ ثابت ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ گورو جی نے نیکی اور بھائی چارے کی راہ لوگوں کو دکھائی۔

لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ گوروجی سماجی انصاف اور برابری کو فروغ دینے کے سلسلے میں اپنی پوری زندگی وقف کی اور تمام طبقوں میں امن اور شانتی لانے کے لئے کام کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس دِن کے انعقاد کی بدولت سماج میں بھائی چارے اور آپسی محبت کے رشتے مضبوط ہوں گے اور اس کے علاوہ جموں و کشمیر میں امن، ترقی اور خوشحالی کا دور دورہ ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔