گجرات: وزیر اعظم نریندر مودی آج ’سابرمتی ریور فرنٹ فٹ اوور برج‘ کا افتتاح کریں گے

وزیر اعظم نریندر مودی آج سے گجرات کے دو روزہ دورے پر ہیں، جہاں وہ سابرمتی ریور فرنٹ پر ایلس برج اور سردار پل کے درمیان اٹل فٹ اوور برج (بالائی گزرگاہ) کا افتتاح کرنے جا رہے ہیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

احمد آباد: وزیر اعظم نریندر مودی آج سے گجرات کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ وہ آج شام تقریباً 5:30 بجے احمد آباد کے سابرمتی ریور فرنٹ پر کھادی فیسٹیول سے خطاب کریں گے۔ وہ سابرمتی ریور فرنٹ پر ایلس برج اور سردار پل کے درمیان اٹل فٹ اوور برج (بالائی گزرگاہ) کا بھی افتتاح کریں گے۔

رپورٹ کے مطابق سیاحوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ایلس برج اور سردار پل کے درمیان فٹ اوور برج کی تعمیر میں کئی باریکیوں کا خیال رکھا گیا ہے اور اسے پرکشش شکل دی گئی ہے۔ یہ 300 میٹر کا پل سابرمتی ریور فرنٹ کے مشرق اور مغرب کو جوڑتا ہے۔ اس پل کا ڈیزائن بھی بہت دلکش ہے۔


سابرمتی ندی پر ایلس برج اور سردار برج کے درمیان فٹ اوور برج کو 74 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔ اس کی مدد سے پیدل چلنے والے اور سائیکل سوار آسانی سے مشرقی اور مغربی ساحل کے درمیان آ جا سکیں گے۔ احمد آباد کے لوگ بغیر ٹریفک کے پرامن طریقے سے ریور فرنٹ سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔ پل ذیلی اور بالائی راستے سے قابل رسائی ہے۔ اس بالائی گزرگاہ کی کل لمبائی 300 میٹر ہے۔ اسے تعمیر کرنے کے لئے استعمال کئے گئے لوہے کے پائپ کے ڈھانچہ کا وزن 2600 ٹن ہے اور چھت کو رنگین نقاشی سے آراستہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ لکڑی اور گرینائٹ کا فرش، پلانٹرز، سٹینلیس اسٹیل اور شیشے کی ریلنگ فٹ اوور برج کو پرکشش بناتے ہیں۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی 28 اگست کو صبح تقریباً 10 بجے بھج میں فاریسٹ میموریل کا بھی افتتاح کریں گے۔ اس کے بعد دوپہر تقریباً 12 بجے وزیر اعظم بھج میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور افتتاح کریں گے۔ وزیر اعظم ہندوستان میں سوزوکی کے 40 سال مکمل ہونے کے موقع پر 5 بجے گاندھی نگر میں ایک پروگرام سے خطاب کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */