گجرات اسمبلی انتخاب: دوسرے مرحلہ کی پولنگ پرامن انداز میں ختم، سبھی امیدواروں کی قسمت ’ای وی ایم‘ میں بند

گجرات انتخابات / یو این آئی
گجرات انتخابات / یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

05 Dec 2022, 8:58 PM

دوسرے مرحلہ کی پولنگ پرامن انداز میں ختم، سبھی امیدواروں کی قسمت ’ای وی ایم‘ میں بند

گجرات میں اسمبلی انتخاب کے پیش نظر دوسرے مرحلے کی پولنگ پرامن انداز میں آج ختم ہو گئی۔ پولنگ افسران نے ووٹ کے لیے مقررہ وقت ختم ہونے کے بعد لائن میں کھڑے لوگوں کو ووٹ کرانے کے بعد ای وی ایم کو سیل کر دیا جو 8 اگست کو کھولا جائے گا۔ آج 93 اسمبلی سیٹوں کے لیے ڈالے گئے ووٹ میں سبھی پارٹیوں کے مجموعی طور پر 833 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ای وی ایم میں بند ہو گیا ہے۔

05 Dec 2022, 5:48 PM

گجرات میں دوسرے مرحلے کی پولنگ ختم، اب ریزلٹ کے لیے 8 دسمبر کا انتظار

گجرات میں اسمبلی انتخاب کے پیش نظر دوسرے مرحلے کی پولنگ بھی ختم ہو گئی ہے۔ ڈالے گئے ووٹ فیصد سے متعلق ابھی کوئی حتمی جانکاری سامنے نہیں آ سکی ہے۔ اب سبھی لوگوں کو 8 دسمبر کا انتظار ہے جب ووٹوں کی گنتی کی جائے گی اور ریزلٹ سامنے آئے گا۔

05 Dec 2022, 5:03 PM

گجرات اسمبلی انتخاب: 3 بجے تک 50.51 فیصد پولنگ

گجرات اسمبلی انتخاب کے دوسرے اور آخری مرحلے کے لیے ووٹنگ جاری ہے۔ دوسرے مرحلہ میں 93 سیٹوں کے لیے ووٹ ڈالے جا رہے ہیں جو صبح 8 بجے سے شروع ہوئی اور 5 بجے تک چلے گی۔ 3 بجے تک 50.51 فیصد پولنگ کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔


05 Dec 2022, 3:45 PM

مشہور سابق کرکٹر عرفان پٹھان اور یوسف پٹھان نے وڈودرا میں ڈالا ووٹ

مشہور و معروف سابق ہندوستانی کرکٹر عرفان پٹھان اور ان کے بھائی یوسف پٹھان نے آج اپنے کنبہ کے ساتھ وڈودرا میں حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ اس موقع پر یوسف پٹھان نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ گھروں سے باہر نکلیں اور ووٹ کے حق کا استعمال کریں۔

قابل ذکر ہے کہ گجرات میں اسمبلی انتخاب کے پیش نظر آج دوسرے مرحلہ کی پولنگ جاری ہے۔ آج 93 اسمبلی نشستوں کے لیے ووٹ ڈالے جا رہے ہیں اور 1 بجے تک 34.74 فیصد ووٹنگ کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔

05 Dec 2022, 11:55 AM

کھڑگے اور راہل گاندھی نے کی گجرات کے لوگوں سے بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے کی اپیل

نئی دہلی: کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی نے گجرات کے لوگوں سے بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کی ہے۔ کانگریس لیڈر نے گجرات کے نوجوانوں، خواتین، مردوں اور بزرگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کانگریس کو ووٹ دیں اور پارٹی کے اقتدار میں آنے پر تمام وعدے پورے کئے جائیں گے۔

راہل گاندھی نے کہا کہ ’’ہم نوجوانوں، کسانوں، خواتین اور ہر شہری سے کیا گیا وعدہ پورا کریں گے، ہم گجرات میں تبدیلی لائیں گے۔ گجرات کے عوام سے اپیل ہے بڑی تعداد میں ووٹ دیں۔ اپنے حق کا استعمال کرتے ہوئے ریاست کی ترقی اور خوشحالی کے لیے یہ اہم ذمہ داری ادا کریں۔ کھڑگے نے کہ ’’گجرات کے ہر شہری سے عاجزانہ درخواست ہے کہ وہ اس تبدیلی کے تہوار میں شرکت کریں۔ آج ووٹ ضرور دیں۔ پہلی بار ووٹ ڈالنے والے ہمارے نوجوان دوستوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد۔


05 Dec 2022, 10:28 AM

مجھے لگتا ہے کہ گجرات کا یہ پورا خطہ کانگریس کو ووٹ دے گا، گجرات کے سابق وزیر اعلی شنکر سنگھ واگھیلا

گجرات کے سابق وزیر اعلیٰ شنکر سنگھ واگھیلا نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں او بی سی اکثریتی حلقوں میں پولنگ ہو رہی ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ وسطی گجرات، شمالی گجرات اور یہ پورا خطہ کانگریس کو ووٹ دے گا۔ میں بی جے پی کے 27 سالہ دور حکومت میں تبدیلی دیکھ رہا ہوں۔

05 Dec 2022, 10:15 AM

گجرات اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں صبح 9 بجے تک 4.75 فیصد ووٹ ڈالے گئے

گجرات اسمبلی انتخابات کے دوسرے اور آخری مرحلے میں شمالی اور وسطی گجرات کے 14 اضلاع کی 93 سیٹوں کے لیے پولنگ جاری ہے۔ صبح 9 بجے تک 4.75 فیصد ووٹ ڈالے گئے ہیں۔


05 Dec 2022, 9:08 AM

گجرات الیکشن: دوسرے مرحلے کے لیے ووٹنگ جاری

گاندھی نگر: گجرات اسمبلی انتخابات کے دوسرے اور آخری مرحلے میں شمالی اور وسطی گجرات کے 14 اضلاع کی 93 سیٹوں کے لیے پولنگ پیر کی صبح 8 بجے شروع ہو گئی۔ ہموار اور پرامن پولنگ کی تیاریاں گزشتہ روز ہی مکمل کر لی گئیں۔ اس الیکشن میں 27 سال سے ریاست پر حکمرانی کرنے والی بھارتیہ جنتا پارٹی کے بہت سے قدآوروں کا وقار داؤ پر لگے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

/* */