پی ایم مودی کے شہر گجرات میں ’مندی سے دَہشت‘، ایک کاروباری نے کی خودکشی

بلڈر ہریش بھائی سورت کے کامریج علاقے میں رہتے تھے۔ انھوں نے اپنے فارم ہاؤس میں پھانسی لگا کر خودکشی کر لی۔ لوگوں نے بتایا کہ وہ طویل مدت سے پریشان تھے کیونکہ مندی کی وجہ سے کاروبار متاثر ہو رہا تھا۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

قومی آوازبیورو

ملک میں اقتصادی بحران یعنی مندی سے پریشان ہو کر بڑے بڑے صنعت کار اپنے پلانٹ بند کرنے کے لیے مجبور ہو رہے ہیں۔ کچھ لوگوں کو سمجھ نہیں آ رہا ہے کہ آخر وہ کریں تو کیا کریں۔ گجرات کے سورت میں معاشی بدحالی سے پریشان ہو کر ایک بلڈر کے ذریعہ خودکشی کا معاملہ منظر عام پر آیا ہے۔ خودکشی کرنے والے بلڈر کا نام ہریش بھائی شام جی بھائی روانی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ بلڈر کاروبار میں آئی مندی سے پریشان تھا۔


ہریش بھائی سورت کے کامریج علاقے میں رہتے تھے۔ انھوں نے اپنے فارم ہاؤس میں پھانسی لگا کر خودکشی کی ہے۔ لوگوں نے بتایا کہ طویل مدت سے کاروبار میں آئی مندی کی وجہ سے بلڈر ہریش بھائی بہت پریشان تھے۔ خبروں کے مطابق ہریش نے اپنے پروجیکٹ کو پورا کرنے کے لیے پرائیویٹ فائنانسروں سے سود پر کروڑوں روپے لیے تھے۔ وہ فائنانسرس کا پیسہ لوٹا نہیں پا رہے تھے۔ بلڈر کی خودکشی کی خبر ملنے کے بعد پولس موقع پر پہنچ گئی ہے۔ فی الحال پولس نے کچھ بھی کہنے سے منع کر دیا ہے۔ پولس پورے معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ایک سال میں جی ڈی پی شرح ترقی میں 25 فیصد کی گراوٹ آئی ہے۔ سال 19-2018 کی پہلی سہ ماہی میں جی ڈی پی شرح ترقی 8.1 فیصد تھی جو اس سال (20-2019) کی پہلی سہ ماہی میں گر کر 5.8 فیصد رہ گئی ہے۔ اس طرح ایک سال میں تقریباً 25 فیصد کی گراوٹ جی ڈی پی شرح ترقی میں رہی ہے۔ خبر رساں ایجنسی رائٹرس کے مطابق اس سال جنوری سے مارچ تک ہندوستان کی جی ڈی پی شرح تقی گزشتہ پانچ سال میں سب سے کم 5.8 فیصد رہی۔ معاشی بحران کے درمیان سبھی سیکٹر کا برا حال ہے۔ آٹو سیکٹر کا سب سے زیادہ برا حال ہے۔ عالم یہ ہے کہ آٹو سیکٹر کی کئی کمپنیاں کام بند کرنے کو مجبور ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 10 Sep 2019, 2:10 PM