مارچ 2026 میں جی ایس ٹی کلیکشن 2 لاکھ کروڑ روپے کے پار پہنچا، گزشتہ سال کے مقابلے 8.8 فیصد کا اضافہ
مالی سال 26-2025 میں مجموعی جی ایس ٹی کلیکشن 22.27 لاکھ کروڑ روپے رہا، جو گزشتہ مالی سال 25-2024 کے 20.55 لاکھ کروڑ روپے سے 8.3 فیصد زیادہ ہے۔

حکومت ہند کی تجوری جی ایس ٹی وصولی سے خوب بھر رہی ہے۔ جی ایس ٹی کلیکشن میں مسلسل اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے اور مارچ مہینہ کا کلیکشن بھی حکومت کے لیے خوش آئند ہے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق مارچ 2026 میں مجموعی جی ایس ٹی کلیکشن بڑھ کر 2,00,064 کروڑ روپے ہو گیا، جو مارچ 2025 کے 1,83,845 کروڑ روپے کے مقابلے میں 8.8 فیصد زیادہ ہے۔
پورے مالی سال 26-2025 کی بات کریں تو مجموعی جی ایس ٹی وصولی 22.27 لاکھ کروڑ روپے رہی، جو گزشتہ مالی سال 25-2024 کے 20.55 لاکھ کروڑ روپے سے 8.3 فیصد زیادہ ہے۔ یہ اعداد و شمار ٹیکس وصولی میں مسلسل مضبوط رجحان کو ظاہر کرتے ہیں۔ مارچ میں 2 لاکھ کروڑ روپے کا ہندسہ عبور کرنا سال کے اختتام پر بہتر تعمیل اور معاشی سرگرمیوں میں تیزی کی علامت تصور کیا جا رہا ہے۔
سامنے آئے اعداد و شمار کے مطابق گھریلو جی ایس ٹی آمدنی مارچ میں 5.9 فیصد بڑھ کر 1.46 لاکھ کروڑ روپے ہو گئی، جو ملک کے اندر مستحکم صارفیت کی عکاسی کرتی ہے۔ وہیں درآمدات سے متعلق جی ایس ٹی وصولی میں 17.8 فیصد کا تیز رفتار اضافہ درج کیا گیا، جو بڑھتی ہوئی درآمدی سرگرمیوں اور بہتر کسٹمز وصولی کی جانب اشارہ کرتا ہے۔ درآمدات میں نمایاں اضافہ کے باعث مارچ میں آئی جی ایس ٹی وصولی بڑھ کر 1.06 لاکھ کروڑ روپے ہو گئی۔ سی جی ایس ٹی اور ایس جی ایس ٹی وصولی میں بھی معمولی اضافہ درج کیا گیا، جو مرکز اور ریاستی ٹیکس اجزاء میں متوازن اضافہ کو ظاہر کرتا ہے۔
مارچ میں مجموعی جی ایس ٹی ریفنڈ میں سالانہ بنیاد پر 13.8 فیصد اضافہ ہوا اور یہ بڑھ کر 22,074 کروڑ روپے ہو گیا۔ ریفنڈ کو ایڈجسٹ کرنے کے بعد، خالص جی ایس ٹی آمدنی میں سالانہ بنیاد پر 8.2 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 1.77 لاکھ کروڑ روپے ہو گئی۔ مالی سال 2026 کے لیے خالص جی ایس ٹی وصولی 19.34 لاکھ کروڑ روپے رہی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 7.1 فیصد زیادہ ہے، جو زیادہ ریفنڈ کے باوجود مسلسل آمدنی میں اضافہ ظاہر کرتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔