دہلی میں آلودگی کے باعث گریپ-2 کی پابندیاں نافذ

بڑھتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے انتظامیہ نے گریپ-2 کے تحت کوئلے اور لکڑی کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ اس میں ہوٹل، ریسٹورنٹ اور ڈھابہ میں تندور کا استعمال بھی شامل ہے۔

<div class="paragraphs"><p>دہلی میں فضائی آلودگی / آئی اے این ایس</p></div>
i

دہلی-این سی آر میں فضائی آلودگی کی سطح میں تیزی سے اضافے کے بعد کمیشن فار ایئر کوالٹی مینجمنٹ (سی اے کیو ایم) نے گریڈیڈ رسپانس ایکشن پلان (گریپ) کا مرحلہ-2 فوری اثر سے نافذ کر دیا ہے۔ بڑھتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے انتظامیہ نے کئی سخت اقدامات کیے ہیں۔ گریپ-2 کے تحت کوئلے اور لکڑی کے استعمال پر مکمل پابندی لگا دی گئی ہے۔ اس میں ہوٹلوں، ریسٹورنٹس اور ڈھابوں میں تندور کا استعمال بھی شامل ہے۔ پرائیویٹ گاڑیوں کے استعمال کو کم کرنے کے لیے پارکنگ کی فیس میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ بجلی کی فراہمی کے لیے جنریٹروں پر پابندی اور ہنگامی خدمات کو چھوڑ کر ڈیزل جنریٹروں کا استعمال نہ کرنے جیسے اقدامات پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت دی گئی ہے۔

این سی آر کی سڑکوں پر دھول کم کرنے کے لیے شہری اداروں نے مشینی طریقے سے صفائی اور دھول کو دبانے والے مادوں کے ساتھ پانی کا چھڑکاؤ تیز کر دیا ہے۔ انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آلودگی پر قابو پانے کے اقدامات پر عمل کریں اور فضائی معیار میں بہتری لانے کے لیے زیادہ سے زیادہ پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کریں۔ سنٹرل پولیوشن کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے دستیاب اعداد و شمار کے مطابق جہانگیر پوری میں ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 428 درج کیا گیا اور روہنی میں یہ 396 رہا۔ کئی دیگر علاقوں میں بھی ہوا کا معیار انتہائی خراب درجے میں ریکارڈ کیا گیا۔ آلودگی پر قابو پانے کے لیے دہلی حکومت اور ٹریفک پولیس نے جانچ مہم تیز کر دی ہے۔


سی پی سی بی کے اعداد و شمار کے مطابق علی پور میں اے کیو آئی 375، وویک وہار میں 370، نریلا میں 363 اور چاندنی چوک میں 358 درج کیا گیا۔ اکشردھام اور آئی ٹی او میں یہ 349-349  جے ایل این اسٹیڈیم میں 343، جبکہ انڈیا گیٹ اور جن پتھ کے آس پاس 335 رہا۔ براری میں اے کیو آئی 308، آیا نگر میں 276، آئی جی آئی ایئرپورٹ کے ٹرمینل-3 پر 263 اور آنند وہار میں 242 درج کیا گیا۔ ماحولیات کے وزیر منجندر سنگھ سرسا کے مطابق یکم نومبر کو دہلی میں 14930 گاڑیوں کی جانچ کی گئی۔ آلودگی کنٹرول سرٹیفکیٹ (پی یو سی) سے متعلق ضوابط کی خلاف ورزی پر 566 چالان کیے گئے۔ اس کے علاوہ 300 تعمیراتی مقامات کا معائنہ بھی کیا گیا۔

قابل ذکر ہے کہ دہلی ٹریفک پولیس نے گریڈیڈ رسپانس ایکشن پلان (گریپ) کے تحت تحت نافذ پابندیوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے یکم نومبر کو خصوصی مہم چلائی۔ پولیس کے مطابق رات  12 بجے سے رات 8 بجے تک 7279 گاڑیوں کی جانچ کی گئی۔ ان میں سے 714 گاڑیوں کو دہلی کی سرحد سے واپس بھیج دیا گیا، جبکہ 38 گاڑیاں ضبط کی گئیں اور 10 کے چالان کیے گئے۔ پابندیوں پر مؤثر طریقے سے عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے ٹریفک پولیس نے پڑوسی اضلاع کے افسران کے ساتھ رابطہ میٹنگ بھی کی۔ دہلی کی سرحدوں پر معلوماتی بورڈ لگائے گئے ہیں۔ پرنٹ میڈیا، سوشل میڈیا اور ریڈیو کے ذریعے بھی لوگوں کو ضوابط سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔