رام گڑھ سے 7 روزہ قومی یومِ اطفال تقریبات کا شاندار افتتاح، 1000 بچوں نے اپنی صلاحیتوں کا کیا مظاہرہ

ڈاکٹر جی وی ہری نے کہا کہ بچوں کی پوشیدہ صلاحیتوں کو قومی سطح تک پہنچانے کے لیے انھیں مناسب پلیٹ فارم فراہم کرنا ہی ’جواہر بال منچ‘ کا بنیادی مقصد ہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر ’ایکس‘&nbsp;<a href="https://x.com/JawaharBalManch">@JawaharBalManch</a></p></div>
i

رام گڑھ: آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) کے ’جواہر بال منچ‘ کے قومی صدر ڈاکٹر جی وی ہری کی قیادت اور رہنمائی میں جھارکھنڈ کے رام گڑھ واقع ٹاؤن ہال میں 7 روزہ ’قومی یومِ اطفال تقریبات‘ کا شاندار افتتاح بڑے جوش و خروش کے ساتھ عمل میں آیا۔ پروگرام کا آغاز روایتی طور پر چراغ روشن کر کے کیا گیا۔ اس تقریب میں تقریباً 1000 بچوں نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔ بچوں نے رنگا رنگ ثقافتی اور تخلیقی پیشکشوں کے ذریعے اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جس سے مہمان اور ناظرین بے حد متاثر ہوئے۔

اس موقع پر تعلیمی گیت، گروپ گائیکی، ثقافتی رقص، گروپ ڈانس، مصوری اور پینٹنگ کے مقابلے، سائنس نمائش، مباحثے کے مقابلے سمیت کئی تعلیمی اور ثقافتی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا۔ بچوں کی پیشکشوں میں ان کے جوش، تخلیقی صلاحیتوں اور خود اعتمادی کی جھلک نمایاں طور پر نظر آئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ’جواہر بال منچ‘ کے قومی صدر ڈاکٹر جی وی ہری نے کہا کہ جواہر بال منچ کا نام ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم اور عظیم مجاہد آزادی پنڈت جواہر لعل نہرو کے نام پر رکھا گیا ہے۔ چچا نہرو کو بچوں سے بے پناہ محبت تھی اور بچے بھی ان سے بہت پیار کرتے تھے۔ ان کی یومِ پیدائش اور یومِ اطفال کو مدنظر رکھتے ہوئے بچوں کی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی اور انھیں اپنی قابلیت کا مظاہرہ کرنے کے لیے مناسب پلیٹ فارم فراہم کرنے کی غرض سے سات روزہ قومی پروگرام منعقد کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ اس قومی سطح کے پروگرام کا آغاز جھارکھنڈ کے رام گڑھ سے ہوا ہے اور اس کا اختتام ممبئی میں ہوگا۔ اس پہل کے تحت ملک کی سات ریاستوں میں مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ جھارکھنڈ کے علاوہ اس میں حصہ لینے والی ریاستوں اور علاقوں میں کیرالہ، جزائر انڈمان و نکوبار، تلنگانہ، پنجاب، دہلی اور مہاراشٹر شامل ہیں۔


تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ’جواہر بال منچ‘، جھارکھنڈ کے ریاستی صدر طارق انور نے کہا کہ راہل گاندھی نے ملک کو یہ پیغام دیا ہے کہ ’نفرت کے بازار میں ہمیں محبت کی دکان کھولنی ہے۔‘ جواہر بال منچ اسی نظریے کو بچوں کے درمیان آگے بڑھانے کا کام کر رہا ہے۔ تنظیم بچوں میں گنگا جمنی تہذیب، باہمی بھائی چارے، محبت، ہم آہنگی اور سماجی اتحاد کی اقدار کو فروغ دینے کی کوشش کر رہی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ موجودہ دور میں بچوں کی صحیح رہنمائی کرنا انتہائی اہم ہے۔ جواہر بال منچ کا بنیادی مقصد بچوں کو معاشرے میں بڑھتی ہوئی نفرت، باہمی عداوت اور منفی اثرات سے دور رکھ کر انھیں تعلیم، اخلاقی اقدار، بھائی چارے اور مثبت سوچ کی جانب راغب کرنا ہے۔

طارق انور کا کہنا ہے کہ ہر بچے میں کوئی نہ کوئی منفرد صلاحیت موجود ہوتی ہے، لیکن مناسب مواقع اور رہنمائی نہ ملنے کی وجہ سے بہت سی صلاحیتیں نظروں سے اوجھل رہ جاتی ہیں۔ جواہر بال منچ ایسے بچوں کو مناسب پلیٹ فارم فراہم کرنے اور انھیں ضلعی، ریاستی اور قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے میں مدد دینے کے لیے پابند عہد ہے۔ انھوں نے بچوں کو ملک کے مجاہدین آزادی، ان کی جدوجہد اور قربانیوں کے بارے میں تعلیم دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا، تاکہ آنے والی نسلیں ہندوستان کی تاریخ اور آئین میں موجود بنیادی اقدار کو سمجھ سکیں۔


اس پروگرام میں ’جواہر بال منچ‘ کے قومی کوآرڈینیٹر راہل جی، جھارکھنڈ کے ریاستی صدر طارق انور، جواہر بال منچ کے ضلعی کوآرڈی نیٹر کارتک رام، راجندر چودھری، حاجی اختر، بابل حسن، نشا اوراؤں، منی کچّھپ، سدھا کچّھپ، گگن، ٹنکو آزاد، سمیر سمیت جواہر بال منچ کے کئی دیگر عہدیداران اور اراکین موجود تھے۔ پروگرام کا بنیادی مقصد بچوں کو تعلیم، فن، سائنس، ثقافت اور سماجی بیداری کے میدانوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ان کی پوشیدہ صلاحیتوں کی شناخت کرکے انھیں قومی سطح پر پہچان دلانے میں مدد کرنا بھی اس کا اہم مقصد ہے۔