مودی حکومت بنانا نہیں، صرف بیچنا جانتی ہے: راہل گاندھی

کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’مودی حکومت کے ان فیصلوں سے عام لوگوں کو نقصان ہوگا اور ان کے مٹھی بھر ساتھیوں کو فائدہ پہنچے گا۔‘‘

راہل گاندھی، تصویر آئی اے این ایس
راہل گاندھی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

کانگریس کے سابق صدر اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے مرکز کی مودی حکومت کو بڑھتی نجکاری کے لیے ایک بار پھر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ راہل گاندھی نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں ملک کے چار بڑے ائیرپورٹ میں مرکزی حکومت کی حصہ داری بیچنے کی خبر کا تراشہ لگایا ہے اور اس کے خلاف آواز بلند کی ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ مودی حکومت کو صرف بیچنا آتا ہے، یہ کچھ بنانا نہیں جانتی۔

راہل گاندھی نے اپنے ٹوئٹ میں اخبار کی اس خبر کو پوسٹ کیا ہے جس میں مرکزی حکومت کے ذریعہ دہلی، ممبئی، بنگلورو اور حیدر آباد ائیر پورٹ میں اپنی بچی ہوئی حصہ داری فروخت کرنے کا منصوبہ تیار کرنے والی خبر شائع ہوئی ہے۔ کانگریس لیڈر نے ٹوئٹ کر لکھا ہے ’’بنانا نہیں، صرف بیچنا جانتا ہے۔‘‘ راہل گاندھی نے ہیش ٹیگ انڈیا اگینسٹ پرائیویٹائزیشن کے ساتھ آگے یہ بھی لکھا ہے کہ ’’مودی حکومت کے ان فیصلوں سے عام لوگوں کو نقصان ہوگا اور ان کے مٹھی بھر ساتھیوں کو فائدہ پہنچے گا۔‘‘


خبر رساں ادارہ پی ٹی آئی کے مطابق مودی حکومت دہلی، ممبئی، بنگلورو اور حیدر آباد ائیر پورٹ میں اپنی بچی ہوئی حصہ داری بیچنے کا منصوبہ تیار کر رہی ہے۔ حکومت نے ملکیتوں کو فروخت کر 2.5 لاکھ کروڑ روپے جمع کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ اسی کے تحت ان ہوائی اڈوں میں حکومت اپنی باقی بچی شراکت داری بھی فروخت کرنا چاہ رہی ہے۔ نیوز ایجنسی پی ٹی آئی نے ذرائع کے حوالے سے یہ خبر دی ہے۔ غور طلب ہے کہ ان ائیر پورٹس کی نجکاری پہلے ہی ہو چکی ہے اور ان میں اے اے آئی کے ذریعہ سے حکومت کی جزوی شراکت داری ابھی بچی ہوئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔