بھگونت مان کے پہلے کابینہ اجلاس میں 25 ہزار سرکاری نوکریوں کا اعلان

میڈیا رپورٹ کے مطابق کابینہ کے فیصلے کے مطابق ان نوکریوں کے لئے بھرتی کا عمل ایک ماہ کے اندر شروع کر دیا جائے گا۔

تصویر ٹوئٹر / @rupashreenanda
تصویر ٹوئٹر / @rupashreenanda
user

قومی آوازبیورو

چنڈی گڑھ: پنجاب حکومت کی جانب سے ہفتہ کے روز پہلا کابینہ اجلاس منعقد ہوا، جس کے دوران وزیر اعلی بھگونت مان نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے 25 ہزار سرکاری نوکریوں پر بھرتی کا عمل شروع کئے جانے کا اعلان کر دیا۔ خیال رہے کہ بھگونت مان کی قیادت والی حکومت نے نوجوانوں میں بے روزگاری کا مسئلہ حل کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ جن 25 ہزار نوکریوں کے لئے بھرتی کا اعلان کیا گیا ہے ان میں سے 10 ہزار نوکریاں محکمہ پولیس میں نکلیں گی جبکہ باقی 15 ہزار نوکریاں مختلف محکموں سے وابستہ ہوں گی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق کابینہ کے فیصلے کے مطابق ان نوکریوں کے لئے بھرتی کا عمل ایک ماہ کے اندر شروع کر دیا جائے گا۔ پنجاب میں عام آدمی پارٹی کے دیگر انتخابی وعدوں کے تحت پارٹی کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے ریاست میں سرکاری اسکولوں اور اسپتالوں کی حالت کو بہتر بنانے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور 300 یونٹس تک مفت بجلی فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ عآپ نے 18 سال سے زیادہ عمر کی خواتین کو ماہانہ 1000 روپے دینے کا بھی وعدہ کیا تھا۔ انہوں نے بدعنوانی سے پاک حکومت اور ریاست میں منشیات کی لعنت پر قابو پانے کا بھی وعدہ کیا ہے۔


اس سے قبل جمعرات کو وزیر اعلیٰ پنجاب نے اعلان کیا تھا کہ 23 ​​مارچ کو یوم شہدا کے موقع ریاست میں انسداد بدعنوانی ہیلپ لائن نمبر شروع کیا جائے گا۔ مان نے کہا کہ لوگ واٹس ایپ کے ذریعے بدعنوانی کے خلاف شکایات درج کرا سکیں گے۔ اس سے پہلے 16 مارچ کو وزیر اعلی بھگونت مان نے وزیر اعلی کے طور پر حلف لیا تھا۔ عآپ نے حال ہی میں ختم ہونے والے پنجاب اسمبلی انتخابات میں زبردست کامیابی حاصل کی ہے اور 92 سیٹوں پر قبضہ کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔