’حکومت عوام کو حقیقی صورتحال سے آگاہ کرے‘، ایندھن کی قیمتوں میں اضافے پر اشوک گہلوت کا ردعمل

سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے دعویٰ کیا کہ راجستھان کے کئی علاقوں میں پٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی کی دستیابی متاثر ہو رہی ہے اور پٹرول پمپوں پر لمبی قطاریں دیکھنے کو مل رہی ہیں۔

اشوک گہلوت، تصویر یو این آئی
i
user

قومی آواز بیورو

google_preferred_badge

گزشتہ چند دنوں سے ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پر راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس رہنما اشوک گہلوت کا سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں وہ نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ اشوک گہلوت اپنی پوسٹ میں لکھتے ہیں کہ ’’اپوزیشن کیا مطالبہ کر رہی ہے؟ راہل گاندھی کیا مطالبہ کر رہے ہیں؟ آپ عوام کو بتائیں کہ صورتحال یہ ہے، ہماری مجبوری ہے، بین الاقوامی حالات کی وجہ سے یہ مجبوری بنی ہے اور آنے والے وقت میں ہمیں یہ اقدامات کرنے پڑ سکتے ہیں۔‘‘

اشوک گہلوت نے کہا کہ حکومت عوام کو حقیقی صورتحال بتانے کے بجائے ’تماشا‘ کر رہی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی اپیل کے بعد بی جے پی لیڈران اور وزرائے اعلیٰ رکشہ میں سفر کرنے، پیدل چلنے یا الیکٹرک گاڑیوں کا استعمال کرنے جیسے علامتی اقدامات دکھا رہے ہیں، لیکن اس سے عام لوگوں کو کوئی راحت نہیں مل رہی۔  ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اگر بین الاقوامی حالات کی وجہ سے ایندھن کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں تو مرکزی حکومت کو صاف طور پر ملک کے سامنے حقیقی صورتحال پیش کرنی چاہیے۔


سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے دعویٰ کیا کہ راجستھان کے کئی علاقوں میں پٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی کی دستیابی متاثر ہو رہی ہے اور پٹرول پمپوں پر لمبی قطاریں دیکھنے کو مل رہی ہیں۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اشوک گہلوت کا یہ بھی کہنا ہے کہ کوٹہ، جے پور، جودھ پور اور بھرت پور جیسے شہروں کے درمیان سفر کرنے والے لوگوں کو راستے میں کئی بار کم مقدار میں ایندھن بھروانا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت زمینی حقائق کو تسلیم کرنے کے بجائے مسلسل بحران سے انکار کر رہی ہے۔

راجستھان بی جے پی صدر مدن راٹھور اور وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما کو ہدف تنقید بناتے ہوئے اشوک گہلوت نے کہا کہ دیہی علاقوں میں ایل پی جی سلنڈر کی قلت کی شکایتیں سامنے آ رہی ہیں، لیکن حکومت صورتحال واضح نہیں کر رہی۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز کو بھی صارفین کے غصے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔


اشوک گہلوت کے علاوہ راجستھان اسمبلی میں حزب اختلاف کے قائد ٹیکارام جولی نے بھی پٹرول اور ڈیزل پر ویٹ کو لے کر ریاستی حکومت کو گھیرا۔ جولی نے وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما کے 2021 کے پرانے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن میں رہتے ہوئے بی جے پی ویٹ کم کرنے کا مطالبہ کرتی تھی، لیکن اب اقتدار میں آنے کے بعد راجستھان میں ایندھن کی قیمتیں ملک میں سب سے زیادہ ہیں۔ جولی نے کہا کہ مرکزی حکومت کی طرف سے قیمتیں بڑھائے جانے کے بعد ریاستی حکومت کی ویٹ سے ہونے والی آمدنی بھی بڑھی ہے، اس لیے عوام کو راحت دینے کے لیے ویٹ کم کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اضافی ریونیو ملنے کے باوجود حکومت عام لوگوں کو راحت دینے میں ناکام رہی ہے۔

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔