جے این یو طلبا کے لیے خوشخبری، سرمائی سیمسٹر کے لیے سروس چارج نہیں لینے کا فیصلہ

یونیورسٹی نے طے کیا ہے کہ سرمائی سیمسٹر کے لیے سروس چارج اور یوٹیلٹی چارج طلبا کو دینے کی ضرورت نہیں۔ طلبا کے اوپر یونیورسٹی نے 1700 روپے سروس چارج لگایا تھا اور اب یہ خرچ یو جی سی کے ذمہ ہوگا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) میں فیس اضافہ اور 5 جنوری کو نقاب پوش غنڈوں کے ذریعہ یونیورسٹی کیمپس میں طلبا و طالبات کی بے رحمانہ پٹائی کے خلاف دھرنا و مظاہرہ جاری ہے۔ اس درمیان جے این یو طلبا کے لیے ایک خوشخبری سامنے آئی ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق طلبا سے سرمائی سیمسٹر کے لیے سروس چارج نہیں لیا جائے گا اور ساتھ ہی انھیں یوٹیلٹی چارج میں بھی چھوٹ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق یونیورسٹی انتظامیہ نے طے کیا ہے کہ سرمائی سیمسٹر کے لیے سروس چارج اور یوٹیلٹی چارج طلبا کو دینے کی ضرورت نہیں ہے۔ طلبا کے اوپر یونیورسٹی نے 1700 روپے سروس چارج لگائے تھے اور اب یہ خرچ یو جی سی اٹھائے گی۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس سلسلے میں اگلا حکم صادر ہونے تک طلبا کو سروس چارج دینے کی ضرورت نہیں ہے۔


واضح رہے کہ جے این یو طلبافیس اضافہ اور مختلف طرح کے چارج لگائے جانے کے خلاف لگاتار مظاہرہ کر رہے ہیں۔ جمعرات کو بھی بڑی تعداد میں طلبا و طالبات نے راشٹرپتی بھون کی طرف مارچ نکالا تھا جسے درمیان میں ہی پولس نے روک لیا۔ اس درمیان طلبا راشٹرپتی بھون کی طرف بڑھنے کے لیے بضد نظر آئے جس کے پیش نظر پولس نے لاٹھی چارج کر کے انھیں منتشر کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ طلبا کا مطالبہ ہے کہ بڑھائی گئی فیس جلد واپس لی جائے اور یونیورسٹی کے وائس چانسلر جگدیش کمار کو جلداز جلد عہدے سے برطرف کیا جائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔