کینسر کے مریضوں کے لیے راحت کی خبر، حکومت ہند نے 3 ادویات کی قیمتوں میں تخفیف کا کیا فیصلہ

مرکزی وزیر مملکت انوپریہ پٹیل نے پارلیمنٹ میں کہا کہ ’’حکومت نے ٹراسٹوزوماب ڈیرکسٹیکن، اوسیمرٹینیب اور ڈروالوماب نامی ادویات پر زیادہ سے زیادہ خوردہ قیمت (ایم آر پی) کم کرنے کا حکم دیا ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر / سوشل میڈیا</p></div>

علامتی تصویر / سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

حکومت ہند نے کینسر کے مریضوں کے حوالے سے ایک بہترین فیصلہ لیا ہے جس کی وجہ سے ان مریضوں کو کافی راحت ملنے کی امید ہے۔ دراصل حکومت ہند نے انسداد کینسر کی 3 ادویات کی قیمتوں میں کمی لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ متعلقہ جانکاری کیمیکل اور فرٹیلائزر کی مرکزی وزیر مملکت انوپریہ پٹیل نے جمعہ کو پارلیمنٹ میں دی۔ انہوں نے ایک تحریری جواب میں کہا کہ ’’حکومت نے ٹراسٹوزوماب ڈیرکسٹیکن، اوسیمرٹینیب اور ڈروالوماب نامی ادویات پر زیادہ سے زیادہ خوردہ قیمت (ایم آر پی) کم کرنے کا حکم دیا ہے۔ ساتھ ہی ان ادویات پر بنیادی کسٹم ڈیوٹی (بی سی ڈی) کو صفر کر دیا گیا ہے اور جی ایس ٹی کی شرح 12 فیصد سے کم کر کے 5 فیصد کر دی گئی ہے۔‘‘

مرکزی وزیر نے کینسر کی ادویات کی قیمت کے متعلق مزید کہا کہ ’’اس قدم کا اصل مقصد کینسر جیسے مہلک مرض میں مبتلا افراد کو مالی ریلیف فراہم کرنا اور ان ادویات کی رسائی میں اضافہ کرنا ہے۔‘‘ مرکزی وزیر کے مطابق حکومت کی جانب سے لیے گئے فیصلے کے متعلق ادویہ ساز کمپنی کو مطلع کر دیا گیا ہے۔ ان کمپنیوں نے حکومت ہند کے فیصلہ پر عمل کرتے ہوئے ادویات کی ایم آر پی میں کمی کر دی ہے۔ ساتھ ہی حکومت ہند کے اس فیصلے کے بارے میں نیشنل فارماسیوٹیکل پرائسنگ اتھارٹی (این پی پی اے) کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔ این پی پی اے نے حکومت ہند کے فیصلے پر فوری طور پر عمل کرتے ہوئے ایک میمورنڈم جاری کرتے ہوئے تمام کمپنیوں کو حکم دیا ہے کہ ’’وہ جی ایس ٹی کی شرحوں میں کمی اور کسٹم ڈیوٹی سے چھوٹ کی وجہ سے ادویات کی قیمت میں کمی کریں، تاکہ کینسر کے مریضوں کو اس ریلیف کا زیادہ سے زیادہ فائدہ مل سکے۔ مثال کے طور پر آسٹرا زینیکا فارما انڈیا لمیٹڈ نے اپنے کئی فارمولیشن کی قیمتوں میں کمی کی ہے۔‘‘


مرکزی وزیر انوپریہ پٹیل کے مطابق آسٹرا زینیکا نے اپنے خط میں لکھا کہ بی سی ڈی کے صفر ہونے کی وجہ سے ادویات کی قیمتوں میں کمی تب لاگو ہوگی جب اسٹاک کو بازار میں کمرشیل فروخت کے لیے جاری کیا جائے گا۔ اس فیصلہ کے بعد ادویات کی قیمتوں میں مزید کمی آ جائے گی۔ کینسر سے متعلق ادویات کی قیمتوں میں کمی لانا اس لیے ضروری ہے کہ ہندوستان جیسی کثیر آبادی والے ملک میں اس مہلک مرض میں روز بہ روز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ معروف عالمی طبی جریدہ ’لانسیٹ‘ کی ایک تحقیق کے مطابق سال 2019 میں ہندوستان میں تقریباً 19 لاکھ نئے کینسر کے معاملے درج کیے گئے تھے جن میں سے 9.3 لاکھ لوگوں کی موت ہوئی تھی۔ کینسر میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں ہندوستان ایشیا کا دوسرا سب سے بڑا ملک ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔