مہاراشٹر سے آئی خوشخبری، سی اے اے مخالف مظاہروں سے وابستہ سبھی مقدمات ہوں گے منسوخ!

وزیر داخلہ انل دیشمکھ سے ملاقات کرنے والے وفد کا کہنا ہے کہ وزیر موصوف نے میمورنڈم پر ریمارکس دیتے ہوئے اپنے دفتر کو ہدایت کی کہ وہ اس معاملے کو ختم کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

مہاراشٹر کی اُدھو حکومت کے ذریعہ یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ سی اے اے مخالف مظاہروں سے وابستہ جو بھی مقدمات درج کیے گئے ہیں، وہ سبھی واپس لیے جائیں گے۔ یہ ایک بہت بڑی پیش رفت ہے کیونکہ مقدمات واپس لیے جانے سے کئی بے قصور مسلمانوں اور غیر مسلم سماجی کارکنان کو راحت ملے گی۔ اس سلسلے میں ’ہم بھارت کے لوگ‘ تنظیم نے ایک پریس ریلیز جاری کی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ مہاراشٹر کے وزیر داخلہ انل دیشمکھ نے سبھی سی اے اے مخالف احتجاجوں سے جڑے کیسز واپس لیے جانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

پریس ریلیز کے مطابق ’ہم بھارت کے لوگ‘ کا ایک وفد وزیر داخلہ انل دیشمکھ سے ملا تھا اور انھیں ان مقدمات کے بارے میں روشناس کرایا جو کہ پرامن طریقے سے چلنے والے سی اے اے مخالف مظاہروں سے وابستہ ہیں۔ وفد نے انل دیشمکھ کو 31 معزز شہریوں کی توثیق پر مبنی ایک عرضداشت بھی پیش کی جس میں سبھی ایف آئی آر کی تفصیل موجود ہے اور بتایا گیا ہے کہ لوگوں پر غلط طریقے سے مختلف پولس تھانوں میں مقدمات درج کیے گئے ہیں۔


موصولہ اطلاعات کے مطابق انل دیشمکھ سے ملاقات کرنے والے وفد نے مقدمات کی جو تفصیلات پیش کی ہیں، وہ صرف ممبئی کے پولس تھانوں میں درج کیسز پر مبنی ہیں۔ مثلاً کولابا میں گیٹ وے آف انڈیا پر ہو رہے مظاہرہ کے لیے، ایم آر اے پولس اسٹیشن میں ہتاما چوک ریلی کے لیے، ناگپاڑا میں ممبئی باغ مظاہرہ کے لیے، ماہم میں کینڈل لائٹ مارچ کے لیے وغیرہ۔ انل دیشمکھ نے اس وفد کو یقین دلایا کہ ان سبھی کیسز کو جلد از جلد واپس لیے جانے کی کارروائی ہوگی۔

قابل ذکر ہے کہ مہاراشٹر کے وزیر داخلہ انل دیشمکھ سے جس وفد نے ملاقات کی، اس میں پرکاش ریڈی، فیروز مٹھی بوروالا، ورشا ودیا ولاس، بلال خان، امول مادام اور اپرنا دلوی جیسے نام شامل تھے۔ وفد کے مطابق وزیر موصوف نے میمورنڈم پر ریمارکس دیتے ہوئے اپنے دفتر کو ہدایت کی کہ وہ اس معاملے کو ختم کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔