سونا-چاندی کی قیمت میں آج پھر زوردار گراوٹ، خریداروں کے لیے بہترین موقع

بدھ کی صبح اگست ڈیلیوری والا سونا فی 10 گرام 1600 روپے سے زیادہ گر کر 144918 روپے پر کاروبار کر رہا تھا۔ اسی طرح جولائی ڈیلیوری والی چاندی فی کلو 1000 روپے سے زیادہ کی کمی کے ساتھ 224793 روپے پر تھی۔

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر / اے آئی</p></div>
i

سونے اور چاندی کی قیمتوں میں گراوٹ رکنے کا نام نہیں لے رہی ہے۔ بدھ کے روز بھی دونوں کی ہی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی۔ ملٹی کموڈیٹی ایکسچینج (ایم سی ایکس) پر بدھ کی صبح کے ابتدائی ایک گھنٹے کے دوران ہی سونا تقریباً 2400 روپے تک سستا ہو گیا تھا، جبکہ چاندی کی قیمت میں 4000 روپے سے زیادہ کی کمی آئی۔ تاہم بعد میں قیمتوں میں کچھ بہتری دیکھی گئی۔ سونے اور چاندی کی قیمتوں میں یہ گراوٹ خریداروں کے لیے ایک اچھا موقع سمجھی جا رہی ہے۔

موصولہ اطلاع کے مطابق بدھ کی صبح 11 بجے اگست ڈیلیوری والا سونا فی 10 گرام 1600 روپے سے زیادہ گر کر 1,44,918 روپے پر کاروبار کر رہا تھا۔ اسی طرح جولائی ڈیلیوری والی چاندی فی کلو 1000 روپے سے زیادہ کی کمی کے ساتھ 2,24,793 روپے پر تھی۔ اس ہفتہ کے ابتدائی 2 دنوں، یعنی پیر اور منگل کو بھی سونا-چاندی کی قیمتوں میں گراوٹ دیکھی گئی تھی۔


بین الاقوامی منڈیوں میں بھی سونے اور چاندی میں کمزوری کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔ بدھ کی صبح 10 بجے تک سونا 1.75 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ 4,077.70 ڈالر فی اونس پر تھا، جبکہ چاندی 1.69 فیصد کم ہو کر 61.02 ڈالر فی اونس پر پہنچ گئی۔ بدھ کے روز سونے اور چاندی کی قیمتوں میں گراوٹ کی بنیادی وجہ امریکی ڈالر کی مضبوطی رہی۔ ڈالر کی قوت کو ظاہر کرنے والا ڈالر انڈیکس بڑھ کر 101.265 کی سطح تک پہنچ گیا ہے۔ یہ گزشتہ تقریباً 12 ماہ کے دوران ڈالر انڈیکس کی بلند ترین سطح ہے۔

دوسری طرف ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ کے باعث عالمی سطح پر سپلائی چین متاثر ہونے سے مہنگائی میں اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر دنیا کے بیشتر مرکزی بینک شرح سود میں اضافے پر غور کر رہے ہیں۔ حال ہی میں امریکی فیڈ کے سربراہ کیون وارش نے 2026 میں شرح سود بڑھانے کا اشارہ دیا ہے۔ اس وجہ سے بھی سونے اور چاندی کی قیمتوں پر دباؤ دیکھنے میں آ رہا ہے۔