گودھرا سانحہ: سابرمتی ایکسپریس میں آگ لگانے کے معاملہ میں سپریم کورٹ نے 8 مجرموں کو دی ضمانت

سپریم کورٹ نے چار مجرموں کو فی الحال ضمانت دینے سے انکار کر دیا۔ ان کو ٹرائل کورت سے پھانسی کی سزا سنائی گئی تھی لیکن بعد میں ہائی کورٹ نے اسے عمر قید میں تبدیل کر دیا تھا

گودھرا میں نذر آتش کیا گیا سابرمتی ایکسپریس کا ڈبہ / فائل تصویر / Getty Images
گودھرا میں نذر آتش کیا گیا سابرمتی ایکسپریس کا ڈبہ / فائل تصویر / Getty Images
user

قومی آوازبیورو

گودھرا: سپریم کورٹ نے 2002 میں گجرات کے گودھرا میں سابرمتی ایکسپریس کو آگ لگانے کے معاملہ میں 8 مجرموں کی ضمانت منظور کر لی ہے۔ ان تمام مجرموں کو 17 سے 20 سال کی سزا سنائی گئی ہے۔ وہیں، سپریم کورٹ نے مزید چار مجرموں کو ضمانت دینے سے انکار کر دیا۔ انہیں ٹرائل کورٹ نے موت کی سزا سنائی تھی لیکن بعد میں ہائی کورٹ نے اسے عمر قید میں تبدیل کر دیا تھا۔

سپریم کورٹ میں چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ اور جسٹس پی ایس نرسمہا کی بنچ نے گودھرا کیس کے قصورواروں کی ضمانت کے معاملے پر فیصلہ کیا۔ عدالت نے کہا کہ ضمانت کی شرائط پوری کرنے کے بعد باقی لوگوں کو ضمانت پر رہا کیا جائے۔ قصورواروں کے وکیل سنجے ہیگڑے نے عید کے پیش نظر انہیں ضمانت پر رہا کرنے کی اپیل کی تھی۔


سپریم کورٹ نے 2002 میں گودھرا سابرمتی ایکسپریس ٹرین میں آگ لگا کر 59 افراد کو زندہ جلا دینے کے معاملہ میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے عبدالرحمان دھنتیا، عبدالستار ابراہیم گدی سمیت 27 مجرموں کی جانب سے دائر ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔

گجرات حکومت کی جانب سے سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے عدالت کو بتایا ’’یہ صرف پتھراؤ کا معاملہ نہیں ہے۔ مجرموں نے سابرمتی ایکسپریس کی بوگی بند کر دیا تھا، جس میں 59 مسافر ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوئے تھے۔‘‘ تشار مہتا نے عدالت کو بتایا کہ کچھ لوگ کہہ رہے ہیں کہ ان کا کردار صرف پتھر بازی کا تھا لیکن جب آپ ایک بوگی کو باہر سے بند کرتے ہیں، اسے آگ لگا دیتے ہیں اور پھر پتھراؤ کرتے ہیں، یہ صرف پتھر بازی نہیں ہے۔

گزشتہ سماعت میں سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ ان مجرموں کی ضمانت پر غور نہیں کیا جائے گا، جنہیں نچلی عدالت نے موت کی سزا سنائی تھی لیکن ہائی کورٹ نے انہیں عمر قید میں تبدیل کر دیا تھا۔ تاہم سپریم کورٹ نے کینسر کے باعث ایک ملزم کی اہلیہ کی عبوری ضمانت کی مدت میں توسیع کر دی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔